ایک برس اور بن گیا تاریخ 2023 کے روز و شب میں جنم لینے والے اہم ترین واقعات

گزشتہ سے پیوستہ

فوٹو : فائل

(گزشتہ سے پیوستہ)

اگست


یکم اگست
سی پیک کے دس برس مکمل

سی پیک کے دس سال مکمل ہونے پر چینی اعلٰی سطح کے وفد نے دورۂ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں پاک چین مفاہمت کی چھے یادداشتوں پر دستخط کیے۔ چینی صدر نے اس موقع پر پیغام دیا کہ پاک چین اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو نئی بلندی تک پہنچائیں گے۔

اس دوران ایم ایل ون کے فروغ، قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ، چین کو سرخ مرچ کی برآمد، صنعتی ورکرز کے تبادلے، دو طرفہ تعاون بڑھانے کے سمجھوتے اور غربت کے خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق ہوا۔ اس سلسلے میں یادگاری سکہ اور یادگاری ٹکٹ کا اجراء بھی کیا گیا۔ یاد رہے کہ سی پیک معاہدہ پاکستان اور چین کی درمیان معاشی و اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے ایک گیم چینجر منصوبہ سمجھا جاتا ہے۔

2اگست
اتحادی حکومت کا الوداعی ''تحفہ''

اتحادی حکومت نے جاتے جاتے پیٹرول بم گرا دیا! وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ویڈیو پیغام میں پیٹرول 20 روپے مہنگا کرنے کا اعلان کیا، جس پر عوام پھٹ پڑے، تاجر برادری سراپا احتجاج ہوگئی۔

پیٹرول 272.95 اور ڈیزل 273.95روپے لیٹر ہوگیا۔ ماہرین نے مہنگائی مزید بڑھنے کا عندیہ دے دیا۔ اسحاق ڈار نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا ذمے دار آئی ایم ایف کے ساتھ کئے معاہدے کو ٹھہرا دیا۔

پاکستانی دستاویزی فلم کا اعزاز

موسمیاتی تبدیلی پر پاکستانی دستاویزی فلم ''وائسزفرام دی روف آف دی ورلڈ ٹو'' نے 2023ء کا جان بی او کس ایوارڈ جیت لیا۔ یہ فلم دنیا کے بلند ترین پہاڑوں کے درمیان ہمالیہ مین رہنے والے لوگوں کی زندگی اور جنگلی حیات پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ دستاویزی فلم نو آزاد فلم سازوں نے تیار کی جو پاکستان میں ایکسپریس ٹی وی پر نشر ہوئی اور یو ٹیوب پر بھی دست یاب ہے۔

3اگست
جسٹن ٹروڈو کی شادی ختم

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کی اہلیہ سوفی نے شادی کے پندرہ برس بعد علیحدگی کا فیصلہ کرلیا۔ انھوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کے باوجود وہ ایک دوسرے سے محبت اور احترام کا رشتہ برقرار رکھیں گے۔ اُن کی شادی 2005 میں ہوئی تھی اور ان کے تین بچے ہیں۔

4 اگست
پاک ایران تزویراتی، تجارتی معاہدہ

پاکستان اور ایران کے درمیان پانچ سالہ اسٹریٹیجک تجارتی معاہدے پر دستخط ہوئے، جو کہ خطے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ معاہدے میں باہمی تجارت کے فروغ، اسلاموفوبیا، کشمیر، افغانستان اور یوکرین کے مسائل کے حل پر اتفاق رائے کیا گیا۔ امید کی جارہی ہے کہ معاہدے سے دونوں ملکوں میں تجارت، معیشت، توانائی اور آرٹ میں باہمی تعاون و ترقی کو فروغ ملے گا۔

5اگست
چیئر مین پی ٹی آئی نااہل!


عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں 3 برس قید اور5 سال کے لیے نا اہل قرار دے دیا۔ فیصلے کے فوراً بعد عمران خان کو زمان پارک سے گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کردیا گیا۔ چیئر مین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد مختلف شہروں میں کارکنان نے شدید احتجاج کیا، متعدد کو گرفتار کرلیا گیا۔

کشتی کو حادثہ

دریائے ستلج میں اوکاڑہ کے مقام پر کشتی الٹنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس کے باعث چار افراد ہلاک جب کہ آٹھ لاپتا ہوگئے، تینتیس افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔ کشتی میں موجود افراد ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں جا رہے تھے، سیلابی پانی میں گرے بجلی کے پول اور تاروں سے ٹکرا کر کشتی الٹ گئی۔

کسانوں کے لیے خوش خبری

کسانوں کو موسم کے بارے میں معلومات دینے کے لیے محکمۂ موسمیات نے اپنی موبائل ایپلی کیشن لانچ کردی جس کے ذریعے آئن لائن ڈیش بورڈ کی ڈیجیٹل موسمی پیش گوئی، ای چالان ، زرعی فارمز کی لوکیشن جان سکیں گے۔

6اگست
نئی مردم شماری

مشترکہ مفادات کونسل نے نئی مردم شماری کی متفقہ طور پر منظوری دے دی، جس کے بعد انتخابات میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ ملک کی ساتویں مردم شماری کے مطابق مجموعی آبادی چوبیس کروڑ چودہ لاکھ بانوے ہزار رہی۔ یہ پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری تھی۔

ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ

کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس الم ناک حادثے کا شکار ہوگئی۔ سرہاڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب دس بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے باعث 32 افراد جاں بحق جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ کئی مسافر قریبی نالے میں ڈوب گئے۔

8اگست
بل منظور

قومی اسمبلی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور ایچ ای سی ترمیمی بل سمیت 8بلوں کی منظوری دے دی۔ پیمرا بل واپس لینے پر صحافیوں نے احتجاج اور واک آؤٹ بھی کیا جس پر نظرثانی کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ناموسِ صحابہ، اہل بیت ، امہات المومنینؓ بل سمیت اہم بل منظور کرلیے گئے۔ سینیٹ میں کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قراردار متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

9 اگست
قومی اسمبلی تحلیل

صدرمملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہبازشریف کی قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیے جس کے بعد قومی اسمبلی قبل از وقت تحلیل ہوگئی اور وفاقی کابینہ فارغ ہوگئی۔ دوسری جانب مسلسل الزامات کی زد میں رہنے والے خیبر پختونخوا کے 26 ارکان کابینہ سے استعفے لے لیے گئے۔

13اگست
نگران وزیراعظم

بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹرانوارالحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم مقرر کردیا گیا۔ یہ فیصلہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے طے پایا، جس کی صدر نے منظوری دی۔ نگراں وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کے بعد انوارالحق کاکڑ سینیٹ عہدے سے دست بردار ہوگئے۔ انوارالحق کاکڑ ملک کے 8 ویں نگراں وزیراعظم ہیں۔

15اگست
درخت غائب

پنجاب میں 18برس بعد ہونے والی محکمۂ جنگلات کی درخت شماری میں انکشاف ہوا کہ جنگلات میں قدآور سرکاری درختوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے جب کہ نئے درخت لگانے کی شرح بھی غیرنمایاں ہے۔ جنگلات سے غیرقانونی طور پر درخت کاٹنے کا سلسلہ بھی نہ تھم سکا۔

پرویزالٰہی مشکل میں

سابق وزیراعلٰی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا ہوتے ہی لاہور نیب کی ٹیم نے دوبارہ گرفتار کرلیا۔ ان کے خلاف مجموعی طور پر 23 ارب مالیت کے 226 ٹھیکوں میں فرنٹ مینوں کے ذریعے سوا ارب کی کرپشن اور کک بیکس وصول کرنے کے الزامات ہیں۔ یاد رہے کہ پرویز الٰہی پی ٹی آئی سے الحاق کرنے کے بعد سے مشکلات کی زد میں ہیں۔

معروف گلوکار اسدعباس کی رحلت

پاکستان کے معروف گلوکار اسد عباس طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ ان کا تعلق موسیقار گھرانے سے تھا۔ وہ تمغہ امتیاز سے نوازے گئے تھے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 38 برس تھی۔



16اگست
جڑانوالہ میں توہین قرآن

جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور گستاخی کے بعد مشتعل مظاہرین نے مسیحیوں کی عبادت گاہوں اور گھروں پر حملے کیے، توڑ پھوڑ کی اور سامان نذرآتش کردیا۔ پولیس نے مرکزی ملزم سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت اعلٰی شخصیات نے واقعے کی مذمت کے ساتھ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔ تحقیقات میں بھارتی کردار سامنے آیا۔ ذرائع کے مطابق کشمیریوں پر مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے سازش کی گئی۔ نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے واقعے کے متاثرین کے لیے فی گھر 20لاکھ امداد کا اعلان کیا۔

نئی حکومت کے تحفے

نئی حکومت نے آتے ہی شہریوں پر پیٹرول اور ڈیزل بم گرایا ۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں بیس روپے فی لیٹر تک کا اضافہ کردیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 290.45روپے فی لیٹر ہوگئی۔ اگلے چار ماہ میں صارفین سے اضافی 122ارب روپے تک وصولی کرنے اور بجلی مزید 4.37 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کا منصوبہ بھی دے ڈالا۔ یہی نہیں بلکہ اسلام آباد ایئر پورٹ کو15 سال کے لیے آؤٹ سورس کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

دالبندین ایئرپورٹ کے رن وے کو ایک سال تک کے لیے فلائٹس آپریشن کے لیے بند کر نے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا سبب طوفانی بارشوں سے دالبندین ایئرپورٹ رن وے اور کنٹرول ٹاور کو پہنچنے والا نقصان بتایا گیا۔ دوسری طرف ڈالر بے قابو ہوگیا، اور اوپن مارکیٹ میں 300کا ہوگیا۔ ریلوے نے دس فی صد جب کہ ٹرانسپورٹرز نے 150روپے تک کرایوں میں اضافہ کردیا۔ اس کے ساتھ چینی کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے اور قیمت 160روپے کلو تک جا پہنچی۔ نگراں وزیرداخلہ نے نئے اسلحے کے لائسنس کے اجراء پر پابندی عائد کردی۔

ملازمہ تشدد سے ہلاک

سندھ کے شہر رانی پور میں بااثر پیر سیداسدشاہ گیلانی کی دس سالہ گھریلو ملازمہ کی مبینہ تشدد سے ہلاکت اور وائرل سی سی ٹی وی ویڈیو نے ہر دل کو افسردہ کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ حویلی میں موجود دوسرے ملازموں کے مطابق اسد شاہ کی بیوی ملازموں پر تشدد میں ملوث ہے۔

17اگست
کنورنوید جمیل انتقال کرگئے

ایم کیو ایم پاکستان کے راہ نما کنورنویدجمیل طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ وہ برین ہیمرج کے باؑعث کئی ماہ سے زیرعلاج تھے۔ وہ رکن قومی اسمبلی اور ناظم بھی رہے۔ ان کا تعلق حیدرآباد سے تھا۔

19اگست
شاہ محمود قریشی گرفتار

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔ کیس کی ایف آئی آر میں موقف اپنایا گیا کہ سابق وزیرخارجہ نے سائفر کی اطلاعات غیرمجاز افراد تک پہنچائیں اور ذاتی مفاد کے لیے حقائق کو مسخ کیا۔

20اگست
صدر کا انکار


گذشتہ روز پاس ہونے والے آرمی ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے اس وقت ایک ہلچل مچ گئی جب صدرِمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل 2023 اور پاکستان کے آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2023ء پر دستخط کرنے کی تردید کردی۔ ان کا موقف ان دونوں بلز کے حق میںنہ تھا اور ان کے بقول عملے نے میری مرضی کے خلاف قدم اٹھایا، جس کے ساتھ انھوں نے ٹوئیٹر پر ان قوانین سے متاثر ہونے والوں سے معافی طلب کی۔ صدر نے اپنے سیکریٹری کی خدمات واپس کردیں۔

بس حادثہ

موٹر وے ایم4 پر پنڈی بھٹیاں ٹال پلازہ کے قریب مسافر بس کو خوف ناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 19افراد زندہ جل گئے، جب کہ چودہ زخمی ہوئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس ڈیزل سے بھرے ڈرموں سے لدی پک اپ سے ٹکراگئی۔

22اگست
چیئر لفٹ آپریشن

خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کے علاقے آلائی میں چھے سو فٹ کی بلندی پر آٹھ افراد مقامی لفٹ 'ڈولی' کے ذریعے شہر کی دوسری جانب آتے ہوئے بیچ راستے کیبل ٹوٹنے کی وجہ سے تیرہ گھنٹے تک پھنسے رہے، جنھیں فوج کے اہل کاروں اور مقامی باشندوں کی مدد سے ریسکیو کیا گیا۔ لفٹ میں پھنسے افراد میں ایک استاد اور سات طالبعلم شامل تھے۔

23اگست
ادویات مہنگی

مہنگائی کے ستائے عوام پر ادویات کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالتے ہوئے ڈرگ اتھارٹی نے کینسر، دمے، ہیپاٹائٹس سمیت جان بچانے والی پچیس ادویات مہنگی کردیں، جس کے بعد دواؤں کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا۔

اداکار اکبرخان رخصت ہوگئے

شوبز انڈسٹری کے معروف ایکٹر اکبرخان کراچی میں علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ اداکاری کے ساتھ فن مصوری اور مجسمہ سازی میں بھی مہارت رکھتے تھے۔ ان کے مقبول ڈراموں میں پری زاد، عشق زہے نصیب ، بلبلے اور دل رُبا شامل ہیں۔

25اگست
لاکھوں پاکستانی ملک چھوڑ گئے

حکومت پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق روزگار کے لیے 2023 کے ابتدائی چھے ماہ کے دوران چار لاکھ 50 ہزار پاکستانی بیرون ملک منتقل ہوئے۔ بہتر مستقبل کے سلسلے میں بیرون ملک منتقل ہونے والوں میں ڈاکٹر، انجنیئر، بینک منیجر، آئی ٹی ماہرین، سیلزمین اور مزدور سب سے زیادہ سعودی عرب منتقل ہوئے جب کہ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات، تیسرے نمبر پر قطر اور چوتھے پر عمان رہا۔ 2022 میں آٹھ لاکھ پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک منتقل ہوئے تھے۔

27اگست
پاکستانی ایتھلیٹ کا اعزاز

پاکستان کے ارشدندیم نے عالمی جیولین تھروایھتلیٹکس مقابلوں میں سلورمیڈل جیت لیا۔ قبل ازیں وہ عالمی چمیپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔

31اگست
ڈالر بے قابو

رواں برس ڈالر کی اڑان بے قابو رہی۔ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اتار چڑھاؤ آتا رہا یہاں تک کے ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر 319روپے تک جا پہنچا۔

۔۔۔


ستمبر


یکم ستمبر
چیف جسٹس کے ریمارکس

چیف جسٹس عمر بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازلاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بنچ نے نیب آرڈیننس میں ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست کی سماعت کی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ صدارتی معافی کی طرح نیب سے معافیاں دی جا رہی ہیں۔ بدنیت لوگوں کے ہاتھ میں اتھارٹی دی جاتی رہی ہے۔ کئی لوگوں کے پاس منشیات اور دیگر ذرائع سے حاصل داغ دار پیسہ موجود ہے۔ داغ دار پیسے کا تحفظ کرکے سسٹم میں بہت سے لوگوں کو بچایا جاتا ہے۔ معاشی مواقع چھیننے کی وجہ سے لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ معیشت کے شعبے کو سیاسی طاقت وروں کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔

2ستمبر
مہنگائی کے خلاف ہڑتال

ملک بھر میں جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی کال پر مہنگائی، زائد بلز کے خلاف مظاہرے ہوئے اور ہڑتال کی گئی۔ کراچی، لاہور، پشاور سمیت بڑے شہروں میں بازار بند رہے، ٹریفک کم رہا، شہر شہر احتجاج ہوا اور نظام زندگی متاثر ہوکر رہ گیا۔ کئی مقامات پر مشتعل مظاہرین نے دھرنا دے کر سڑکیں بند کر دیں۔

کینیڈا نے بھارت سے مذاکرات روک دیے

کینیڈا نے بھارت کے ساتھ تجارتی مذاکرات روک دیے۔ ذرائع کے مطابق کینیڈا میں مقیم خالصتان کی حامی سکھ کمیونٹی کی سرگرمیوں پر بھارت نے کینیڈا سے کئی بار شکایات کیں اور یہ پہلو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات میں رکاوٹ بن گیا۔

3ستمبر
افغانستان میں موجود امریکی اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کا الزام

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا خیال تھا، افغانستان میں طالبان کے آنے کے بعد پاکستان کے لیے نسبتاً حالات بہتر ہوں گے لیکن وہ بہتر نہیں ہوئے بلکہ بگڑ گئے اور اس کی بڑی وجہ افغانستان میں چھوڑے گئے امریکا اور نیٹو کے جدید ہتھیار ہیں۔ یہ ہتھیار صرف پاکستان نہیں بلکہ چین اور ایران سمیت پورے خطے کے لیے خطرہ ہیں۔ ہمارے خلاف ان کا استعمال شروع ہوچکا ہے۔ باقیوں کو اپنا انتظار کرنا پڑے گا۔

4ستمبر
سائیکل خریدنا بھی خواب ہوا
غریبوں کے لیے سائیکل خریدنا بھی خواب بن گیا۔ گزشتہ پندرہ ماہ کے دوران سائیکلوں کے نرخوں میں سو فی صد تک اضافہ ہوگیا۔ خراب معاشی حالات کے باعث مقامی طور پر بڑی فیکٹریاں بند ہونے سے انحصار درآمدی سائیکلوں پر ہے۔ 9 ہزار میں ملنے والی مقامی سائیکل کی قیمت 19ہزار روپے تک پہنچ چکی، 10ہزار میں ملنے والی درآمد شدہ سائیکل کی قیمت 22 ہزار روپے اور 18 ہزار کی سائیکل کی قیمت 35 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔ ڈالر کی قیمت میں بے تحاشا اضافے کی وجہ سے درآمدی سائیکلوں کی قیمتوں میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہوا۔

5ستمبر
انڈیا ''بھارت'' ہوگیا
بھارت کی مودی حکومت نے آئین میں انڈیا کا نام تبدیل کرکے 'بھارت' رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت نے آئین میں انڈیا کا نام تبدیل کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے آئندہ سیشن میں قرارداد لانے کا فیصلہ کیا۔ اس کا نام اب صرف 'ری پبلک آف بھارت' پکارا اور لکھا جائے گا۔

6ستمبر
بجی چوری۔۔۔۔کریک ڈائون کا فیصلہ
نگراں حکومت نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق خصوصی عدالتیں، صوبائی اور ضلعی سطح پر ٹاسک فورس بنا رہے ہیں۔ چوری میں ملوث افسر تبدیل ہوں گے۔ 589ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے یا بل ادا نہیں کیے جاتے۔ جلد آرڈیننس جاری ہوگا۔ سب سے زیادہ 489ارب کا نقصان پشاور، کوئٹہ، حیدآباد، سکھر قبائلی علاقوں، آزاد کشمیر میں ہوتا ہے۔ جن علاقوں میں 30تا 60فیصد نقصان ہے وہاں کی مینجمنٹ پرائیویٹ سیکٹر کو دینے پر غور کر رہے ہیں۔ نگران وزیر توانائی محمد علی اور نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ جب تک بجلی چوری ختم نہیں ہوتی اور لوگ بل ادا نہیں کرتے اس وقت تک عوام کو سستی بجلی نہیں ملے گی، ہر علاقے میں الگ الگ سطح پر بجلی کی چوری ہورہی ہے۔

7ستمبر
طویل مدتی اقتصادی ایجنڈا مرتب کرنے کی ہدایت
نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارت منصوبہ بندی کو پنجسالہ منصوبہ اور طویل مدتی قومی اقتصادی ایجنڈا مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔ اس کے ساتھ ہی معاشرے کے مختلف طبقات کو اعتماد میں لینے کے لیے مشاورتی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ سی پیک اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔

9ستمبر
بھارت تا یورپ تجارتی راہ داری کا منصوبہ
بھارت میں جی ٹوئنٹی کے اجلاس کے موقع پر بھارت سے مشرق وسطیٰ کے راستے یورپ تک تاریخی تجارتی راہ داری منصوبے کی نقاب کشائی کی گئی جس میں امریکا بھی شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق چینی منصوبے ون بیلٹ ون روڈ کے نعم البدل کے طور پر تیار کیے جانے والے اس راہ داری منصوبے کو جدید مسالا راہ داری کہا جاسکتا ہے۔ منصوبے کے تحت دبئی سے اسرائیلی بندرگاہ حیفہ تک ریلوے لائن بچھے گی، کنٹینروں کو نہرسوئز سے نہیں گزرنا پڑے گا اور یورپ سے بھارت تک تجارت کی رفتار چالیس فیصد تیز ہوجائے گی۔ امریکا، سعودی عرب، یورپی یونین اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے مشترکہ طور پر لانچ کیے جانے والے اس اقدام میں ریلوے، بندرگاہوں، بجلی ، ڈیٹا نیٹ ورک اور ہائیڈروجن پائپ لائن کے رابطے قائم کیے جائیں گے۔

10ستمبر
ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں29 سیاست داں ملوث
ایک سول حساس ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں 29 سیاست داں اور 90 سرکاری حکام ملوث ہیں جب کہ ایرانی بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں 76 ڈیلرز تیل اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ ایران سے پاکستان کو سالانہ 2 ارب 81 کروڑ لیٹر سے زیادہ تیل اسمگل ہوتا ہے جس کے باعث پاکستان کو سالانہ 60 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان میں 722 کرنسی ڈیلر حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ 205 ڈیلر پنجاب، خیبرپختونخوا میں 183، سندھ میں 176، بلوچستان میں 104، آزاد کشمیر میں 37 اور اسلام آباد میں 17 ڈیلرز حوالہ ہنڈی کا کاروبار کر رہے ہیں۔ یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ تیل کی اسمگلنگ سے ہونے والی آمدنی دہشت گرد بھی استعمال کرتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں 995 پمپ ایرانی تیل کی فروخت کا کاروبار کرتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی گاڑیاں بھی ایرانی تیل کی ٹرانسپورٹیشن میں ملوث ہیں۔ ایران سے تیل ایرانی گاڑیوں میں اسمگل ہو کر پاکستان آتا ہے۔ تیل اسمگل کرنے والی ایرانی گاڑیوں کو زم یاد کہا جاتا ہے۔



11ستمبر
لیبیا میں سمندری طوفان سے تباہی
لیبیا کے مشرقی علاقوں میں بحراوقیانوس سے اٹھنے والے سمندری طوفان، ڈینیل اسٹورم اور بارشوں نے تباہی مچادی۔ مشرقی لیبیا میں طوفان اور سیلاب سے دو ہزار افراد ہلاک اور ہزاروں لاپتا ہوگئے۔ سب سے زیادہ تباہی درنہ شہر میں ہوئی جب کہ بن غازی، سوسا، بیضا اور المرج میں بھی متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔

15ستمبر
نیب آرڈیننس کی ترامیم میں سے 9 کالعدم
سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کی دس میں سے نو ترامیم کالعدم قرار دے دیں جس کے بعد سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم نوازشریف، شہباز شریف، یوسف رضاگیلانی و دیگر کے خلاف نیب کیسز بحال ہوگئے۔ سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے سے جسٹس منصورعلی شاہ نے اختلاف کیا۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے اپنی مدت ملازمت کے آخری روز اس کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نیب سات دن کے اندر ختم کیے گئے ریفرنسز، تفتیش، انکوائریاں احتساب عدالتوں کو بھیجے۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں کہا کہ پارلیمنٹ نیب قانون بنا سکتی ہے تو ختم بھی کرسکتی ہے، سوال غلط ترامیم کا نہیں منتخب پارلیمنٹ کی بالادستی کا ہے۔

سعودی عرب اور حوثی باغیوں میں مذاکرات
یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں کا وفد امن مذاکرات کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق نوسالہ خانہ جنگی، حکومتی بحران اور جنگ کے بعد بالآخر سعودی عرب اور یمن کے حوثی جنگ جوؤں کے درمیان امن مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ امن مذاکرات میں سعودی عرب حوثیوں کے زیر قبضہ بندرگاہوں اور بین الاقوامی ہوائی اڈے کو کھولنے اور تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کا حصہ یمنی حکومت کو دینے کا مطالبہ کرے گا۔ یاد رہے کہ یمن میں 2014ء میں جنگ اُس وقت شروع ہوئی تھی جب ایران کے حمایت یافتہ گروپ نے صدر عبد ربہ منصور ہادی کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔

17ستمبر
فائزعیسیٰ چیف جسٹس مقرر
سپریم کورٹ کے سنیئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پاکستان کے 29ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اس موقع پر ان کی بیگم بھی موجود تھیں جو اپنی نوعیت کا پہلا موقع تھا۔

18ستمبر
بھارت اور کینیڈا میں کشیدگی کا آغاز
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی پارلیمنٹ کو بتایا کہ بھارت خالصتان راہ نما ہردیپ سکھ نجر کے قتل میں ملوث ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں، بھارتی ایجنٹ سکھ راہ نما کے قتل میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ کینیڈین سرزمین پر قتل میں غیرملکی حکومت کا ملوث ہونا ہماری خودمختاری کے خلاف ہے۔ کینیڈین وزیرخارجہ ملینی جولی نے کہا کہ ہم نے بھارت کے ہیڈ آف انٹیلی جنس کے سربراہ کو نکلنے کا حکم دے دیا ہے اور معاملات کی تحقیقات جاری ہیں۔ کینیڈا میں ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اس کے ساتھ ہی بھارت اور کینیڈا کے درمیان کشیدگی نے جنم لیا اور تاحال جاری ہے۔

عدالتی کارروائی براہ راست نشر
چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی اپنے پہلے دن مقدمے کی بطور فل کورٹ سماعت کرنے والے چیف جسٹس بن گئے۔ کئی گھنٹے طویل عدالتی کارروائی ٹی وی پر براہ راست نشر کی گئی، پروٹوکول اور گارڈ آف آنر لینے سے انکار، بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو گاڑی بھی نہیں لی، 1300سی سی کار استعمال کریں گے۔ صرف ضروری اور مختصر سیکیوریٹی ہوگی۔ چیمبر کے باہر لگی تختی پر چیف جسٹس پاکستان کے بجائے صرف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ لکھ دیا گیا۔ عوامی سطح پر چیف جسٹس کے اس اقدام کی پذیرائی کی گئی۔

امریکا اور ایران میں قیدیوں کا تبادلہ
قطر کی ثالثی کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے مابین پانچ پانچ قیدیوں کا تبادلہ ہوا ۔ امریکا نے تہران کے منجمد چھ ارب ڈالر بھی بحال کردیے۔

19ستمبر
ارب پتیوں کی فہرست میں 75 نئے لوگ شامل
امریکی جریدے فاربز نے 2023 ء کے لیے دنیا بھر کے 77 ممالک کے 2640 ارب پتیوں کی فہرست جاری کردی۔ اس سال ارب پتیوں کی تعداد میں 75 نئے لوگ شامل ہوئے، تاہم ان میں کوئی بھی امریکی نہیں۔ امریکا735 ارب پتیوں کے ساتھ اول، چین 539 کے ساتھ دوسرے، بھارت 169 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ایلون مسک دنیا 237.9 ارب کے ساتھ امیر ترین اور جیف بیزوس 154.3 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ بھارت میں سرفہرست مکیش امبانی ہیں جن کی دولت کا تخمینہ 89.7 ارب ڈالر ہے۔ دوسرے نمبر پر گوتم اڈانی ہیں جن کی دولت 54.4 ارب ڈالر ہے۔

پاکستان میں ووٹرز کی تعداد
الیکشن کمیشن نے ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کے اعدادوشمار جاری کردیے ۔ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 69لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ملک میں مرد رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 85 لاکھ 8 ہزار 258 جبکہ خواتین رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ 72ہزار 14 ہے۔ پنجاب میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 23 لاکھ 10ہزار 583 ، سندھ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد2 کروڑ 66 لاکھ 51ہزار 161 ، خیبر پختونخوا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 16 لاکھ 92ہزار 381 اور بلوچستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 52لاکھ 84ہزار 594 ہے۔



22ستمبر
میرواعظ عمر فاروق رہا
کل جماعتی حریت کانفرنس کے راہ نما میرواعظ عمر فاروق کو چار سال بعد رہا کر دیا گیا۔ انہوں نے رہائی کے بعد سری نگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کرائی اور خطاب کیا۔ انہیں نماز جمعہ کی امامت کرتے ہوئے دیکھنے کے لیے ہزاروں کشمیری جمع ہوئے۔

23ستمبر
انتخابی قواعد میں ترامیم تجویز
الیکشن کمیشن نے نئے فارمز سمیت الیکشن رولز میں اٹھارہ ترامیم تجویز کر دیں۔ الیکشن کمیشن نے تجویز کیا ہے کہ الیکشن اخراجات کے لیے سیاسی جماعت کو دس لاکھ روپے سے زائد عطیہ دینے والوں کی تفصیلات دینا ہوں گی، امیدوار کو کاغذات جمع کرانے کے لیے ایک لاکھ نقد جمع کرانے ہوں گے جو ناقابل واپسی ہیں۔ امیدوار کو ملک، بیرون ملک غیر منقولہ پراپرٹی، خریدے گئے اثاثوں کی تفصیلات بھی دینا ہوں گی۔

24 ستمبر
پاکستان ہیپاٹائٹس سی سے متاثرترین ملک
پاکستان کے ممتاز معالج، پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے انکشاف کیا کہ پاکستان دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس سی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا ہے۔ پہلے مصر اس مرض سے متاثرہ نمبر ون ملک تھا لیکن مصری حکومت نے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت سات سال میں ہیپاٹائٹس سی پر قابو پالیا۔

بھارت شہریوں کے ڈیجیل حقوق کا قاتل
سافٹ ویئر فریڈم لا سینٹر (ایس ایف ایل سی) اور ڈیجیٹل حقوق کے دیگر نگراں اداروں کا کہنا ہے کہ بھارت گذشتہ پانچ برسوں میں انٹرنیٹ کی معطلی کے معاملے میں دنیا میں پہلے نمبر پر رہا۔ میڈیاکے مطابق نیدرلینڈ میں قائم ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) فراہم کرنے والے سرف شارک کا کہنا ہے کہ بھارت میں بیس سو تئیس کے پہلے چھے مہینوں میں تقریباً اتنے ہی مرتبہ انٹرنیٹ بند کیا گیا جتنی بار پورے 2022 ء میں کیا گیا تھا۔ بھارتی حکومت انٹر سروس معطل کرنے کے علاوہ مخصوص ویب سائٹس کو بلاک کرواتی اور مخصوص مواد ہٹوا دیتی ہے۔ ریاست منی پور میں رواں برس طویل عرصے تک انٹر نیٹ بند رکھا گیا جب کہ 5اگست 2019ء کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد علاقے کو552 دن تک انٹر بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

27ستمبر
قومی ایئرلائن کا خسارہ بڑھ گیا
قومی ایئرلائن ، پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 743 ارب روپے سے تجاوز کرگیا۔ اسی باعث اس کی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہو گیا۔ ادارے کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔ حکومت نے تنظیم نو اور نجکاری کے عمل کو ایک ساتھ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔


خیبرپختونخوا میں پی ایچ ڈی پروگرام طلبہ سے محروم
ایک خبر کے مطابق سے بھاری بجٹ کے باوجود گزشتہ تین سال میں خیبرپختونخوا کی گیارہ یونیورسٹیوں کے پی ایچ ڈی پروگراموں میں ایک بھی طالب علم نے داخلہ نہیں لیا۔ دو یونیورسٹیوں کے انڈرگریجویٹ داخلوں میں کمی کا رجحان ہے۔ چھے یونیورسٹیوں کے گریجویٹ پروگراموں میں داخلوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے جب کہ چھے یونیورسٹیوں میں ایم ایس/ایم فل کا کوئی طالب علم نہیں ہے۔ گورنر ہاؤس پشاور نے خیبرپختونخوا کی 34یونیورسٹیوں کی 2021 ء سے 2024 ء کی تین سال کی رپورٹ جاری کی۔

رنگ دار کپاس کا منصوبہ
پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر علی رضا انور نے خوش خبری سنائی کہ پاکستان نے رنگ دار کپاس پیدا کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ بڑے رقبے پر رنگ دار کپاس کاشت کا پلان بن چکا۔ جلد رنگ دار کپاس دنیا بھر میں برآ مد کی جائے گی۔

28ستمبر
پاکستانی جامعات کے بارے میں افسوس ناک انکشاف
معروف عالمی ادارے 'دی ٹائمز ' نے سال 2024ء کے لیے جامعات کی درجہ بندی کردی۔ انکشاف ہوا کہ اربوں روپے خرچ کیے جانے کے باوجود پاکستان کی ایک بھی یونیورسٹی دنیا کی 400 بہترین جامعات میں شامل نہیں۔ تاہم قائد اعظم یونیورسٹی واحد ہے جو دنیا کی 401تا 500کی جامعات میں جگہ بنانے میں کام یاب ہوئی۔ پاکستان کی 14 جامعات600تا 1000جامعات کی درجہ بندی میں شامل ہوئیں تاہم ان میں سندھ اور بلوچستان کی ایک یونیورسٹی بھی شامل نہیں ۔400 بہترین جامعات میں سعودی عرب کی دو، ایران کی دو ، ترکی کی تین اور بھارت کی دو جامعات شامل ہیں ۔ دنیا کی 100 بہترین جامعات میں چین کی سات جامعات بھی شامل ہیں، جب کہ عالمی درجہ بندی میں آکسفورڈ یونیورسٹی برطانیہ پہلے، اسٹینفورڈ یونیورسٹی امریکا دوسرے، میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی امریکا تیسرے، ہارورڈ یونیورسٹی امریکا چوتھے، کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ پانچویں، پرنسٹن یونیورسٹی امریکا چھٹے، کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی امریکا ساتویں، امپیریل کالج لندن آٹھویں، کیلیفورنیا یونیورسٹی برکلے امریکا نویں اور ییل یونیورسٹی امریکا دسویں نمبر پر رہی۔

3اکتوبر
غیرقانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے اخراج کا فیصلہ
ایپکس کمیٹی نے پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام غیرملکیوں کو 31 اکتوبر 2023ء تک پاکستان چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے خبر دار کیا کہ 10اکتوبر سے پاک افغان بارڈر پر نقل و حرکت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ پر ہوگی۔ یکم نومبر سے نقل و حرکت کی اجازت صرف پاسپورٹ اور ویزا پر دی جائے گی۔ یکم نومبر سے غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے کاروبار /جائیدادیں ضبط کرنے کے علاوہ ان کو گرفتار کرکے جبری ملک بدر کیا جائے گا۔

4 اکتوبر
پاکستان قرضے کے بوجھ والے غریب ممالک کی فہرست میں شامل
عالمی بینک نے پاکستان کو قرضے کے بوجھ کے حامل غریب ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا۔ عالمی ادارے نے متنبہ کیا کہ2027ء تک پاکستان کا قرضہ جی ڈی پی کے 89.3 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ ، کابینہ کے ارکان ، وزرائے خزانہ ، کابینہ کمیٹی اور قائمہ کمیٹیوں کے ممبران ٹیکس پالیسی مرتب کرنے میں زبردست اثرورسوخ استعمال کرتے ہیں جو اصلاحات کو روکتا ہے۔ حکومتی اخراجات بہت زیادہ ہو چکے۔

کینیڈین سفارت کاروں کو بھارت چھوڑنے کا حکم
بھارت نے کینیڈا کے 41 سفارت کاروں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ بھارت اور کینیڈا کے درمیان خالصتان تحریک کے راہ نما ہردیپ سنگھ کے قتل کے بعد کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

5اکتوبر
کرکٹ ورلڈکپ کا آغاز
2023ء کرکٹ ورلڈکپ شروع ہوا، جس کی میزبانی بھارت نے کی۔ ٹورنامنٹ کا آغاز گذشتہ ورلڈکپ فائنل کھیلنے والی ٹیموں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ سے ہوا، جس میں نیوزی لینڈ نے کام یابی حاصل کی۔

بیرونی قرضوں کی شرح میں اضافہ
پاکستان کے مجموعی حکومتی قرضے میں بیرونی قرضے کی شرح بڑھ کر 38.3 فی صد ہوگئی۔ گذشتہ مالی سال، بیرونی قرضوں میں 13ہزار640ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔ مجموعی حکومتی قرضوں میں اندرونی قرضہ کم ہو کر 61.7، بیرونی قرضے میں 1.4فی صد اضافہ ہوا ۔ وزارت خزانہ کی سالانہ قرضہ ریویو اور پبلک ڈیبٹ بولیٹن مالی سال 2022-ء 23کے مطابق جون 2023ء تک پاکستان کا مجموعی حکومتی قرضہ 62ہزار880ارب روپے ہوگیا جو جون 2022ء میں 49ہزار200ارب روپے تھا۔ اس طرح پی ڈی ایم کے دور حکومت میں گزشتہ مالی سال میں مجموعی قرضہ میں 13ہزار640ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

امریکی ایوان نمائندگان نے تاریخ رقم کردی
امریکا کی 234 سالہ سیاسی تاریخ میں پہلی بار ایوان نمائندگان نے اسپیکر کے خلاف ووٹ دے دیا۔ ریپبلکن کی اکثریت والے ایوان میں 210 کے مقابلے میں 216 اراکین نے اسپیکر کو ہٹائے جانے کے حق میں ووٹ دیا۔ کیون میکارتھی کو ایسے وقت ان کے عہدے سے ہٹایا گیا جب صدارتی انتخابات میں صرف ایک سال باقی ہے۔

کینیڈا میں پہلی بار سیاہ فام اسپیکر منتخب
کینیڈا کی پارلیمنٹ میں پہلی بارلبرل پارٹی کے سیاہ فام رکن، گریگ فرگس خفیہ رائے شماری میں کینیڈا کے اڑتیسویں اسپیکر منتخب ہوگئے۔ گریگ فرگس کو کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو خود ہاتھ پکڑ کر اسپیکر کی کرسی تک لائے اور نومنتخب سپیکر کو مبارکباد پیش کی۔

6 اکتوبر
لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار
صوبائی دارالحکومت لاہور پھر دنیا آلودہ ترین شہر قرار پایا جہاں ایئرکوالٹی انڈیکس کی شرح 241 پر پہنچ گئی۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست لاہور میں فیروزپور روڈ کے اطراف صبح سویرے فضائی آلودگی کی شرح 298پر پہنچ گئی۔

پاکستانی خاتون خلاباز نے تاریخ بنادی
پاکستان کی خاتون خلا باز نمیرہ سلیم نے خلا میں پہنچ کر تاریخ رقم کردی۔ وہ خلا میں روانگی کے لیے نیومیکسیکو سے روانہ ہوئیں۔ انہوں نے امریکا سے کمرشل اسپیس شپ کے ذریعے خلا کا سفر کیا، بعدازآں خلائی شٹل خلا میں داخل ہونے کے بعد واپس با حفاظت خلائی سینٹر پر لینڈ کرگئی۔ نمیرہ پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

7 اکتوبر
حماس کی صہیونی اڈے پر یلغار
عرب اسرائیلی جنگ کی پچاسویں سال گرہ پر علی الصبح حماس نے پہلی بار غزہ سے بیک وقت بری، بحری اور فضائی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر حملہ کردیا۔ حماس نے اسرائیلی کے جنوبی شہروں میں فوجی اڈوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ یہ اسرائیل کے غزہ پر حملوں، مسجد اقصیٰ کی بار بار بے حرمتی اور مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کی کارروائیوں کے خلاف حماس کا جوابی ایکشن تھا۔ فوجیوں سمیت 290 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔ ''آپریشن الاقصیٰ طوفان'' کے تحت فلسطینی مجاہدین کی بڑی تعداد غزہ کی سرحد پر موجود باڑ ہٹاتے ہوئے زمینی راستے سے اسرائیل کے شہر اشکلون سمیت جنوبی شہروں میں داخل ہوئی جب کہ سمندری راستے اور پیراگلائیڈرز کی مدد سے بھی متعدد حماس ارکان نے حملہ کیا۔ حماس نے 20منٹ میں 5ہزار راکٹ برسائے۔ کام یاب آپریشن پر غزہ کے کئی علاقوں میں فلسطینیوں نے جشن منایا۔ حملے سے اسرائیل کے مختلف شہروں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ چھوٹے بڑے شہروں میں سائرن بجائے جاتے رہے۔

اسرائیل نے بھی غزہ پر جوابی حملہ کردیا جو یہ سطور قلم بند ہونے تک جاری ہے۔ اس حملے کے باعث شمالی غزہ خصوصاً اسرائیل کی متواتر بم باری کی وجہ سے کھنڈر بن گیا۔ انیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ اسرائیل نے عالمی جنگی قوانین پیروں تلے روندتے اسپتالوں، ایمبولینسوں، اسکولوں اور پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنایا۔

8 اکتوبر
حیدرآباد کے قریب قدرتی گیس کے ذخائر دریافت
حیدرآباد کے قریب قدرتی گیس کے وافر ذخائر دریافت ہوئے۔ یہاں قدرتی گیس کی تلاش کا کام 2020ء میں شروع کیا گیا تھا۔ اوجی ڈی سی ایل کے تحت یو ایس اسٹڈی کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یہاں قدرتی گیس کے ذخائر کا حجم تین ہزار ٹی سی ایف (ٹریلین کیوبک فٹ) ہے۔

11 اکتوبر
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف درخواستیں مسترد
سپریم کورٹ کے فل کورٹ بینچ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف تمام درخواستیں مسترد کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی بالادستی تسلیم کرلی اور پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کو قانون کے مطابق قرار دے دیا۔ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو فائدہ نہیں ہو گا ۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستیں 5، 10 سے مسترد کی گئیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ قانون کا اطلاق ماضی سے نہیں ہوگا۔ فیصلے کے مطابق ماسٹر آف روسٹر کا تصّور ختم کردیا گیا۔ بینچ کی تشکیل، مقدمات موخر کرنے اور از خود نوٹس کا صرف چیف جسٹس کا اختیار تین رکنی ججز کمیٹی کو منتقل ہوگیا۔

12 اکتوبر
یہودیوں کے خلاف نفرت میں اضافہ
امریکی میڈیا کی رو سے اسرائیل، حماس تنازع میں دنیا بھر میں یہودیوں کے خلاف دشمنی اور نفرت عروج پر پہنچ گئی۔ بہت سے یہودیوں کو خطرے کا سامنا ہے۔ وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق نیویارک سے لندن تک، سینٹ لوئس سے سڈنی تک، یہودی کمیونٹی نفرت اور تعصب سے دوچار ہے۔ امریکا میں ٹیلیگرام پر یہودی مخالف دھمکیاں ہفتے کے پہلے اٹھارہ گھنٹوں میں خطرناک حد تک 488 فیصد اضافہ ہوا۔

سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والا مجرم قرار
سوئیڈن کی ایک عدالت نے ایک شخص کو 2020 ء میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ذریعے نسلی منافرت کو ہوا دینے کا مجرم قرار دے دیا۔ سویڈش عدالتی نظام نے پہلی بار اسلام کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کے الزام میں مقدمہ چلایا۔ سویڈش حکومت نے بے حرمتی کی مذمت کی لیکن ہر بار ملک کے وسیع آزادی اظہار کے قوانین کو برقرار رکھا۔ عدالت نے کہا کہ اس اقدام نے مسلمانوں کو نشانہ بنایا۔

14 اکتوبر
سعودی حکومت نے اسرائیل سے مذاکرات معطل کردیے
غزہ پر اسرائیلی فوج کی سفاکانہ کارروائیوں کے باعث سعودی عرب نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کے لیے ہونے والے مذاکرات معطل کردیے۔ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے امریکی ہم منصب انٹونی بلینکن سے ملاقات میں غزہ سے فلسطینی عوام کی جبری نقل مکانی کے مطالبے کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کرنے اور شہریوں کو کسی بھی شکل میں نشانہ بنانے کی مذمت کا اعادہ کیا۔

16 اکتوبر
مہنگائی کے دبائو میں پاکستان کا تیسرا نمبر
پاکستان ستمبر2023 ء میں مہنگائی کے دبائو کے حوالے سے دنیا بھر میں 31.4 فی صد کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگیا جب کہ صرف ترکی اور ایران اس سے آگے رہے۔ اسی دوران سری لنکا جو چند ماہ قبل دیوالیہ ہوگیا تھا، وہاں مہنگائی کم ترین یعنی 1.3 فیصد پر کھڑی ہے۔ واضح رہے کہ ستمبر 2022ء میں یہ شرح 69.8 فیصد تھی۔ چین میں مہنگائی کی شرح 0 فیصد ہے۔ ترکی میں مہنگائی کی شرح 58.9 فی صد رہی۔ ایران میں ماہانہ مہنگائی کی شرح 39.5 فی صد تک ہلکی سی گری۔ بنگلادیش میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد پر رہی۔ بھارت میں ستمبر کے دوران 5 فی صد رہی۔

17 اکتوبر
مغربی میڈیا کی اسرائیل نوازی
مغرب کے تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فلسطینی مواد پر پابندی سے لے کر مسلمان صحافیوں کی معطلی تک مغربی میڈیا میں اسرائیل کے حق میں جانب دارانہ رپورٹنگ کی جارہی ہے۔ ایم ایس این بی سی نے عارضی طور پر مہدی حسن، ایمن محی الدین اور علی ویلشی کو آف اسکرین کردیا۔ بی بی سی نے چھے رپورٹرز کو فلسطینیوں سے منسلک مواد پوسٹ کرنے یا پسند کرنے پر معطل کر دیا۔

فٹ بال میں پاکستان کی جیت
جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلے گئے دوسرے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان نے کمبوڈیا کو 1-0 گول سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستانی فٹ بال تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے۔

19 اکتوبر
روپے کی گراوٹ میں سٹاباز ملوث نکلے
انکشاف ہوا کہ بعض پاکستانی بینکوں کی مبینہ ساز باز کے نتیجے میں گزشتہ چند دنوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کم زور ہوا جو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائیوں کے بعد واپس ہوا۔ ایسا بیک وقت کسی واضح تبدیلی کے بغیر ہوا جس سے واضح اشارہ ملتا ہے کہ یہ بعض کمرشل بینکوں کی مبینہ ملی بھگت تھی جو اپنے فوائد اور منافع خوری کو بڑھانے کے لیے کرنسی مارکیٹ میں مبینہ طور پر ہیرا پھیری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔

ایس ایم ظفر انتقال کرگئے
معروف سنیئر قانون داں و سابق وزیرقانون ایس ایم ظفر طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 93 برس تھی۔

20اکتوبر
پاکستانی اسٹاک ایکسچینج کی زبردست کارکردگی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔ موجودہ کارکردگی کے لحاظ سے اسے دنیا کا دوسرا بہترین اسٹاک مارکیٹ قرار دیا گیا۔

22اکتوبر
چین بھارت تعلقات پر پینٹاگون کی رپورٹ
امریکی محکمۂ دفاع پینٹاگون نے دعویٰ کیا کہ چین نے بھارت کے ساتھ اپنی سرحدوں پر دفاعی انفرااسٹرکچر کو انتہائی مضبوط کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ چین عالمی سطح پر اپنی عسکری حیثیت اور موجودگی بھی احساس دلا دیا ہے۔ فوجی لاجسٹک سپورٹ کے لیے چین بنگلادیش، سری لنکا، میانمار اور پاکستان میں قدم جمانے کے لیے کوشاں ہے۔ مئی2020ء سے چین بھارت سرحدی کشیدگی نے مغربی فوجی قوتوں کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرالی ہے۔ 2022ء میں چین نے ایک سرحدی رجمنٹ اور دو پہاڑی ڈویژن بھارت کے ساتھ حقیقی لائن آف کنٹرول پر تعینات کر دیے۔

23 اکتوبر
فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار
سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائلز کے خلاف درخواستیں منظور کرتے ہوئے ملٹری کورٹس میں سویلین کا ٹرائل کالعدم قرار دے دیا۔ پانچ رکنی بینچ نے 4-1سے اکثریتی فیصلہ سنایا، جب کہ جسٹس یحییٰ نے اس پر اپنی رائے محفوظ رکھی۔ عدالت عظمیٰ کے مطابق اگر کسی سویلین کا فوجی ٹرائل ہوا ہے تو وہ بھی کالعدم ہوگا۔ عام شہریوں کے تمام کیسز سویلین عدالتوں میں بھیجے جائیں۔ آرمی ایکٹ کا سیکشن 2 ڈی ون آئین سے متصادم ہے۔ جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ فیصلے کا اطلاق 9اور10مئی کے واقعات میں زیر حراست تمام افراد پر ہوگا۔ بنیادی حقوق کے خلاف کوئی قانون نہیں بنے گا۔ عدالت نے یہ دروازہ کھولا تو ٹریفک سگنل توڑنے والا بھی بنیادی حقوق سے محروم ہوجائے گا۔



گیس کے نرخ آسمان پر
پاکستان کی وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یکم نومبر 2023ء سے گیس کی قیمتوں میں دو سو فی صد تک اضافے کی منظوری دے دی۔

26 اکتوبر
قطر کی ایک عدالت نے بھارتی نیوی کے 8 سابق افسران کو آب دوز پروگرام پر جاسوسی کا الزام ثابت ہونے پر سزائے موت سنادی۔ بھارتی بحریہ کے یہ آٹھ سابق افسر اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزامات پر اکتوبر2022 ء سے قطر میں حراست میں ہیں۔

28 اکتوبر
مالدیپ نے بھارتی فوج کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا
مالدیپ کے نومنتخب صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے بھارتی فوج کو ملک سے نکل جانے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سرزمین پر کسی غیرملکی فوج کو برداشت نہیں کریں گے۔ بھارت نے فروری 2021 ء میں ایک متنازع معاہدے کے تحت مالدیپ میں اپنی فوج تعینات کی تھی۔ مالدیپ کی فورسز کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں موجود بھارتی طیارے ملکی جاسوسی کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

29 اکتوبر
ترکیہ کا سوواں یوم تاسیس
جمہوریہ ترکیہ کا 100واں یوم تاسیس منایا گیا جس کی بنیاد آزادی کے قومی ہیرو مصطفیٰ کمال نے رکھی تھی۔ سوسال پہلے عظیم ترک قوم نے خارجی تسلط اور سام راجیت کو شکست دیتے ہوئے ناقابلِ تسخیر فتح حاصل کی تھی۔

آرایم بی کلیئرنگ بینک کا افتتاح
انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا کے پاکستان آر ایم بی کلیئرنگ بینک کی افتتاحی تقریب جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی۔ نگراں وفاقی وزیرخزانہ شمشاد اختر اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر چین کے سفیر کا کہنا تھا کہ آر ایم بی کلیئرنگ بینک کا قیام ''بیلٹ اینڈ روڈ'' تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم مالی حمایت بھی ہے، جب کہ نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ بینک کے قیام سے آف شور آر ایم بی مارکیٹوں کو مربوط کرنے میں مدد ملے گی۔

مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی خودکشی
معروف عالم دین عالمی شہرت یافتہ سکالر مولانا طارق جمیل کے بیٹے، عاصم جمیل نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

۔۔۔


نومبر



2 نومبر
عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان
بالآخر وہ اتفاق رائے سامنے آیا، جس کا کئی مہینوں سے عوام کو انتظار تھا۔ صدر مملکت عارف علوی اور الیکشن کمیشن نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024ء بروز جمعرات کو ہوں گے۔ اس اتفاق رائے سے قبل سپریم کورٹ کے حکم پر صدر اور الیکشن کمیشن کے ارکان میں مشاورت ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں یہ متفقہ فیصلہ سامنے آیا۔

3 نومبر
گوادر میں فوجی جوانوں کی شہادت
ضلع گوادر کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والے سیکیوریٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر گھات لگائے دہشت گردوں نے حملہ کریا۔ اس افسوس ناک واقعے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

4 نومبر
میانوالی ایئربیس پر حملہ
پاک فوج نے پاکستان ایئرفورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔ کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ دہشت گردوں کے حملے میں پہلے سے گرائونڈ کیے گئے تین طیاروں کو نقصان پہنچا، تاہم فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔

6 نومبر
طویل القامت پاکستانی شہری کا انتقال
طویل القامت پاکستانی شہری غلام شبیر جدہ میں انتقال کرگئے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ بک میں 8 فٹ 9 انچ قامت کے حامل غلام شبیر 2000ء سے 2006ء تک مسلسل چھے برس دنیا کے سب سے طویل القامت شخص قرار پائے۔ غلام شبیر صوبہ پنجاب کے ایک گائوں میں 1980ء میں پیدا ہوئے تھے۔

7 نومبر
مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم میں انتخابی اتحاد
متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے ملاقات کرکے آپس میں انتخابی اتحاد پر اتفاق ظاہر کیا۔ ملاقات میں طے کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کے تین، تین ارکان پر مشتمل کمیٹی ایک چارٹر تیار کرے گی، جب کہ سندھ میں بڑے انتخابی الائنس کے امکان پر بھی غور کیا گیا۔

9 نومبر
آنکھ کا پہلا مکمل ٹرانسپلانٹ
نیویارک میں سرجنوں نے بتایا کہ انہوں نے دنیا میں پہلی مرتبہ ایک آدمی کی آنکھ کا مکمل ٹرانسپلانٹ کیا ہے، تاہم ابھی یہ یقینی نہیں ہے کہ اسے بینائی مل جائے گی۔ 46 سالہ ارون جیمز سابق فوجی ہیں، ایک حادثے میں ان کی ایک آنکھ اور چہرے کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا تھا۔ وہ دائیں آنکھ سے دیکھنے کے قابل ہیں۔ ڈاکٹروں نے چہرے کی کچھ جگہوں پر جلد کے ٹرانسپلانٹ کے ساتھ پہلی مرتبہ مکمل آنکھ کا ٹرانسپلانٹ بھی انجام دیا۔ یہ سرجری 21 گھنٹوں میں انجام پائی۔

کولمبیا کی عدالت کا انوکھا فیصلہ
واشنگٹن پوسٹ میں کولمبیا کی ایک عدالت کا فیصلہ رپورٹ ہوا، جس کے مطابق طلاق یافتہ جوڑے کے پالتو کتے کو ان کے خاندان کا فرد قرار دیا گیا۔ تفصیل کچھ یوں ہے کہ 2021ء میں یونیورسٹی ریکٹر جیڈرا لیکس کسٹانو اور ان کی سابق بیوی لینا ماریا میں طلاق کے بعد، خاندان کی سیمونا نامی پالتو کتیا سابق بیوی کے حصے میں آئی تھی۔ لینا نہیں چاہتی تھی کہ اس کا سابق شوہر کتیا سیمونا سے ملنے آئے۔ جذباتی لگائو کی وجہ سے جیڈرالیکس نے عدالت سے رجوع کیا کہ اسے 'سیمونا' سے باقاعدگی سے ملنے کی اجازت دی جائے۔ اس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے قرار دیا کہ 'سیمونا' ان کی فیملی کا حصہ تھی، چناںچہ جیڈرا اس سے باقاعدگی سے ملنے کے حق دار ہیں۔

دنیا کی آبادی آٹھ ارب سے تجاوز کرگئی
نومبر میں ذرائع ابلاغ میں رپورٹ ہوا کہ امریکا کے ادارہ برائے مردم شماری نے کہا ہے کہ دنیا کی آبادی آٹھ ارب سے تجاوز کرچکی ہے، بہتر طبی سہولیات کی وجہ سے لوگوں کی عمر میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی مردم شماری بیورو کا اندازہ ہے کہ عالمی آبادی ستمبر 2023ء کو مخصوص حد سے تجاوز کرچکی تھی، جب کہ اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ دنیا کی آبادی کی تعداد 10 ماہ قبل ہی یعنی 22 نومبر 2022ء کو آٹھ ارب سے تجاوز کرچکی تھی۔ اس فرق کی وجہ یہ ہے کہ مختلف ممالک لوگوں کو مختلف طریقے سے گنتے ہیں یا بالکل نہیں گنتے۔ سب سے زیادہ آبادی والے چند ممالک جیسے کہ بھارت اور نائیجریا میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے مردم شماری نہیں ہوئی۔

11نومبر
نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کا انتقال
خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان انتقال کرگئے۔ وہ عارضۂ قلب میں مبتلا تھے۔ اعظم خان ریٹائرڈ بیوروکریٹ تھے۔ سیکریٹری خزانہ، وفاقی سیکریٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور وفاقی سیکریٹری مذہبی امور رہے۔ ان کا تعلق چارسدہ کے علاقے پڑانگ سے تھا۔ نگراں وزیراعلیٰ کے انتقال کے ساتھ ان کی نگران کابینہ بھی آئینی طور پر تحلیل ہوگئی۔

12نومبر
نئے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری
جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ خبیر پختونخوا کے نئے نگراں وزیراعلیٰ بن گئے اور اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ پاکستان تحریک انصاف نے تقرری کو خلاف آئین قرار دیا اور کہا کہ تقرری کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔ گورنر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق نئی تقرری آئین کے مطابق ہوئی، سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے باہمی مشاورت کے بعد ارشدحسین شاہ کو نام زد کیا۔

13 نومبر
نگراں کابینہ کی حلف برداری
نئے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقرری کے بعد صوبے کی نو رکنی کابینہ نے بھی حلف اٹھالیا۔ نئی نگراں کابینہ میں سید مسعود شاہ، جسٹس (ر) ارشاد قیصر، احمد رسول بنگش، آصف رفیق، ڈاکٹر نجیب اللہ، ڈاکٹر محمد قاسم جان، انجینئر عامر ندیم درانی، انجینئر احمد جان، سید عامر عبداللہ اور سید فیروز جمال شاہ شامل ہیں۔



15 نومبر
پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے دار تبدیل
ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں کوالیفائی نہ کر سکی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کئی انتظامی عہدوں میں تبدیلیوں کا اعلان کیا، جس کے نتیجے میں بابراعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے مستعفی ہوگئے۔ پی سی بی نے مکی آرتھر سمیت تمام کوچنگ اسٹاف کو عہدوں سے برطرف کر دیا اور سابق کپتان محمد حفیظ کو مکی آرتھر کی جگہ ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔ نئے کپتانوں کی تقرری میں ٹیسٹ ٹیم کے لیے شان مسعود، جب کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے شاہین شاہ آفریدی کا انتخاب کیا گیا۔ تاہم نئے ون ڈے کپتان کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔

15نومبر
آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ
پاکستان اور آئی ایم ایف جائزہ مشن کے درمیان اسٹاف کی سطح پر معاہدہ طے پاگیا، جس کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیوبورڈ کی منظوری سے پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر ملیں گے۔ آئی ایم ایف کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف سے طے کردہ تمام معاشی اہداف حاصل کرلیے، جس کے باعث معاہدہ طے پایا۔

18نومبر
آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف کی بریت
احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین اعوان نے آشیانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم شہبازشریف، فواد حسن فواد، اور احد چیمہ سمیت 10 ملزمان کو بری کردیا۔ نیب ریفرنس تین والیومز اور ایک ہزار صفحات پر مشتمل تھا جس میں شہبازشریف اور دیگر ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا تھا۔

19نومبر
کرکٹ ورلڈکپ 2023ء
2023ء کرکٹ ورلڈکپ، جس کی میزبانی بھارت نے کی، فائنل میچ میں بھارت سے آسٹریلیا کی فتح کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 5 اکتوبر کو گذشتہ ورلڈکپ فائنل کھیلنے والی ٹیموں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ سے ہوا۔ پاکستان نے اپنے دو ابتدائی میچوں میں نیدرلینڈ اور سری لنکا کے خلاف کام یابی حاصل کی، لیکن اسے اگلے چار میچوں میں بھارت، آسٹریلیا، افغانستان اور جنوبی افریقہ سے مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بنگلادیش سے میچ میں پاکستان نے تیسری کام یابی حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف جیت کے لیے 402 کا ہدف ملا، پاکستان نے فخرزمان کی تیز اننگز کی بدولت 25.3 اوورز میں 200 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا، ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے مطابق پاکستان 21 رنز سے کام یاب قرار پایا۔ یوں ورلڈکپ کی چوتھی جیت پاکستان کے حصے میں آئی، جب کہ انگلینڈ کے خلاف آخری میچ میں بھی اسے 93 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ افغانستان نے انگلینڈ اور پاکستان جیسی اچھی ٹیموں کو شکست دی، 7 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لیکن میکس ویل نے ڈبل سنچری کرتے ہوئے اپنی تاریخی اننگز کی بدولت بالآخر فتح آسٹریلیا کی جھولی میں ڈال دی۔ میزبان بھارت نے سیمی فائنل تک دس میچوں میں لگاتار کام یابی حاصل کی۔ 19نومبر کو ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو چھے وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے چھٹی مرتبہ ون ڈے ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کیا، یوں بھارت کا اپنے ملک میں ہونے والے ورلڈکپ کو جیتنے کا سپنا چکنا چور ہو گیا۔

25 نومبر
شاپنگ سنٹر میں آتشزدگی
کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ سنٹر میں خوفناک آتشزدگی کا حادثہ پیش آیا، جس میں 11 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔ عمارت میں ہنگامی اخراج کا راستہ نہیں تھا، درجنوں دکانیں بھی جل کر راکھ ہوگئیں۔

فربہ ترین شخص کی موت
دنیا کے فربہ ترین افراد میں سے ایک، لیونائڈ آندرے 60 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ ان کا وزن لگ بھگ 280 کلوگرام تھا۔ ان کا تعلق روس سے تھا، اور وہ وزن کم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ وہ گزشتہ پانچ برس سے گھر تک محدود تھے۔ ہم سایوں نے 17 نومبر کو انہیں مردہ حالت میں دیکھا گیا، جب کہ 25 نومبر کو یہ واقعہ مختلف ذرائع ابلاغ میں رپورٹ ہوا۔

29 نومبر
ایون فیلڈ کیس فیصلہ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی 11 سال کی سزا کالعدم قرار دے کر انہیں بری کردیا۔ نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں بھی نوازشریف کی بریت کے خلاف اپیل واپس لے لی۔ عدالت نے لکھا پراسیکیوشن کے موقف کو ثابت کرنے کے لیے کوئی ایک ڈاکومنٹ بھی موجود نہیں۔

ہنری کسنجر انتقال کر گئے
سابق امریکی وزیرخارجہ ہنری کسنجر سو برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ نوبیل انعام یافتہ تھے۔ پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کرنے والے ہنری کسنجر کا انتقال ریاست کنکٹی کٹ میں ان کے گھر میں ہوا۔ 100 برس کی عمر کے باوجود وہ اپنی وفات تک متحرک زندگی گزارتے رہے۔ رواں برس ہی ہنری کسنجر نے چین کا دورہ کیا اور صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، چین میں انہیں سرکاری مہمان کی حیثیت دی گئی تھی۔
یکم دسمبر
سنیئر صحافی اجمل دہلوی کا انتقال
کراچی میں سنیئر صحافی اجمل دہلوی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ وہ ایک مقامی روزنامہ کے مدیراعلیٰ تھے۔ تین بیٹیوں کے والد اجمل دہلوی 1936ء میں دہلی میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان کے بعد انہوں نے اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان ہجرت کی۔ ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر وہ سینٹر بھی منتخب ہوئے۔

2 دسمبر
بیرسٹر گوہر چیئرمین پی ٹی آئی منتخب
پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات ہونے کے بعد بیرسٹر گوہر علی خان تحریک انصاف کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ عمر ایوب جنرل سیکرٹری، یاسمین راشد پنجاب کی صدر، حلیم عادل شیخ سندھ، علی امین گنڈاپور خیبر پختون خوا جب کہ منیر احمد بلوچ بلوچستان کے صدر منتخب ہوئے۔ پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے نومنتخب عہدے داروں کا اعلان کیا اور کہا کہ تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن پشاور کے علاقہ رانوگڑھی میں ہوئے۔

5 دسمبر
گلوکار حسین بخش گلو کا انتقال
نام ور کلاسیکل گلوکار حسین بخش گلو طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 75 برس تھی۔ انہوں نے دنیا بھر میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ استاد حسین بخش گلو شام چوراسی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ پٹیالہ گھرانے کے معروف گلوکار استاد نتھو خان کے فرزند تھے جو استاد بڑے غلام علی خان کے بھی استاد تھے۔



10 دسمبر
آرمی چیف کا دورۂ امریکا
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ امریکا کے دورے پر روانہ ہوئے۔ وہاں ان کی مصروفیات میں امریکی محکمۂ دفاع کے اعلیٰ حکام اور قومی سلامتی کے حکام سے ملاقاتیں شامل ہیں۔ کچھ ملاقاتوں میں آئی ایس آئی چیف بھی ان کے ہم راہ دیکھے گئے۔

11 دسمبر
کشمیر پر بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ
بھارتی سپریم کورٹ نے مودی حکومت کی طرف سے آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی اور خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف اپیل کو مسترد کرتے ہوئے حکومتی فیصلے کی توثیق کردی۔ بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے، بھارت سے الحاق کے بعد کشمیر کی داخلی خود مختاری کا عنصر برقرار نہیں رہا اور دفعہ 370 ایک عارضی شق تھی۔ درخواست گزاروں نے بھارتی سپریم کورٹ سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت اور دفعہ 370 بحال کرنے کی استدعا کی تھی۔ اس فیصلے کے خلاف کشمیری راہ نمائوں، اہل کشمیر، پاکستانی راہ نمائوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید ردعمل دیا اور کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔

خودکش حملے میں 23 جوان شہید
ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملے، خودکش دھماکے اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں پاک فوج کے 23 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 11 اور 12 دسمبر کی درمیانی شب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ اور 17 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

12 دسمبر
العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت
اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل منظور کر کے نوازشریف کو بری کردیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جے آئی ٹی کا سربراہ کہہ رہا ہے کوئی ثبوت نہیں، سب مفروضات پر مبنی ہے، مفروضوں پر سزا نہیں بنتی۔ کچھ قانونی ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد نوازشریف کے لیے الیکشن لڑنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

13 دسمبر
ملٹری کورٹ، سپریم کورٹ کا فیصلہ معطل
سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹ سے متعلق اپنا پہلا فیصلہ معطل کرتے ہوئے، سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی مشروط اجازت دے دی۔ عدالت نے کہا فوجی عدالتیں ملزمان کا ٹرائل کرسکتی ہیں، تاہم حتمی فیصلہ سپریم کورٹ کے احکامات سے مشروط ہوگا۔ انٹرا کورٹ اپیلوں پر فیصلے تک 102 گرفتار افراد کے ٹرائل کا حتمی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ فیصلہ پانچ، ایک کے تناسب سے سنایا گیا۔ جسٹس مسرت ہلالی نے فیصلے سے اختلاف کیا۔

14 دسمبر
سارہ انعام قتل کیس میں مجرم کو سزائے موت
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد نے فیصلہ سناتے ہوئے کینیڈین بیوی سارہ انعام کے قاتل شوہر شاہ نوازامیر کو سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جب کہ عدم ثبوت کی بنا پر مجرم کی والدہ ثمینہ شاہ کو بری کردیا۔

15 دسمبر
الیکشن کمیشن کو شیڈول جاری کرنے کی ہدایت
سپریم کورٹ نے عام انتخابات سے متعلق بے یقینی ختم کرنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کردیا، جس میں انتخابات کے انعقاد کے لیے بیوروکریسی کی خدمات لینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کیا گیا تھا۔ تاہم سپریم کورٹ نے اس حکم امتناع کو ختم کر کے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ انتخابات کے متعلق شیڈول جاری کیا جائے اور اسے ایگزیکٹیو کی زیرنگرانی کرایا جائے۔

16 دسمبر
لاہور میں مصنوعی بارش
لاہور میں حالیہ برسوں میں پہلی بار مصنوعی بارش برسانے کا کام یاب تجربہ کیا گیا۔ عرب امارات کی ٹیم نے 15 کلومیٹر رقبہ پر شاہدرہ اور مرید کے میں بادل برسائے۔ پہلے مشن میں صبح کلائوڈ سیڈنگ کے لیے 48 فائر فلیئر کیے گئے، دوسرا مشن کچھ دیر بعد شروع کیا گیا۔ لاہور کے تقریباً 10علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش ہوئی۔ نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حکومت متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔

22 دسمبر
تحریک انصاف کے انتخابی نشان کا معاملہ
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے اپنے فیصلے میں انٹراپارٹی الیکشن کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف بلے کے انتخابی نشان کی اہل نہیں رہی۔ تاہم 26 دسمبر کو پی ٹی آئی کو پشاور ہائی کورٹ سے ریلیف مل گیا، جس نے تحریک انصاف کی اپیل کے نتیجے میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا۔ عدالت کے سنگل رکنی بینچ نے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کا سرٹیفکٹ ویب سائٹ پر ڈالنے اور انتخابی نشان بحال کرنے کی ہدایت دی۔

30 دسمبر
کاغذات نام زدگی مسترد
ریٹرننگ آفیسرز نے پی ٹی آئی کے متعدد اہم راہ نمائوں اور کچھ دوسرے سیاست دانوں کے آئندہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نام زدگی مسترد کردیے، جن میں بانی تحریک انصاف عمران خان، شاہ محمود قریشی، قاسم سوری، یاسمین راشد، مرادسعید، زلفی بخاری، اعظم سواتی، حماد اظہر، علی محمد خان، مونس الہی اور پرویزالٰہی شامل ہیں۔ اختر مینگل، فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کے بھی کاغذات نام زدگی ریٹرننگ آفیسرز نے مسترد کردیے۔
Load Next Story