کندھ کوٹ میں کچے کے ڈاکو پھر سرگرم 9 مغویوں کی بازیابی کیلئے شہریوں کا دھرنا

مغویوں کی بازیابی تک دھرنا جاری رہے گا اور روڈ نہیں کھلے گا، مظاہرین


ویب ڈیسک January 07, 2024
کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں نے شہریوں کو اغوا کرلیا ۔فائل/فوٹو: ایکسپریس نیوز

سندھ کے ضلع کندھ کوٹ میں کچے کے ڈاکوؤں کی سرگرمیاں جاری رہیں جہاں گزشتہ روز اسلحے کے زور پر 9 افراد کو اغوا کرلیا گیا، جن کی بازیابی کے لیے شہریوں کا طویل دھرنا جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کندھ کوٹ میں 15 گھنٹوں سے دھرنا جاری ہے جہاں گزشتہ رات ملک لاڑو کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کی اور اسلحے کے زور پر 9 افراد کو اغوا کیا تھا۔

مغویوں کی بازیابی کے لیے ان کے اہل خانہ اور ڈرائیوروں کا انڈس ہائی وے ملک لاڑو کے مقام پر سخت سردی کے عالم میں طویل دھرنا جاری ہے، جس کے باعث ٹریفک جام ہوگئی اور روڈ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مظاہرین نے بتایا کہ گزشتہ رات ڈاکوؤں نے گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کے شیشے اور ٹائر برسٹ ہو گئے تھے، پولیس امن وامان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے اور علاقے میں رات کو سفر کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے عرفان، محمد اکرم، اللہ وسایا، محمد شاہد، لیاقت علی، خرم شہزاد اور دانش کو اغوا کر کے کچے کی طرف لے گئے ہیں، مظاہرین نے کہا کہ جب تک مغوی بازیاب نہیں ہوں گے ہمارا دھرنا جاری رہے گا اور روڈ نہیں کھلے گا۔

اے ایس پی نعمان ظفر نے کہا کہ کچے میں مغویوں کی بازیابی کے لیے پولیس کا آپریشن جاری ہے اور مغویوں کو جلد بازیاب کروالیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں