وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران ملکی داخلی صورتحال اورسلامتی سے متعلق امورپرغورکیا گیا۔
وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق اعلیٰ سطح کےاجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام ، چیف آف جنرل اسٹاف، سیکریٹری اور ایڈیشنل سیکریٹری شریک ہوئے۔ اس موقع پر ملکی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر داخلہ نے ملک کی داخلی صورتحال پربریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا فورسز پرحملے کرنےوالوں کومنہ توڑجواب دیا جائے گا جبکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بہتررابطوں پراطمینان کااظہارکیا گیا،اجلاس میں طالبان کے ساتھ مذاکرات سمیت کراچی کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا جب کہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے حالیہ دورہ بھارت اورامریکی وزیرخارجہ جان کیری سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو سے بھی آگاہ کیا۔