عامر خان کے داماد نے پیدل بارات لانے کی وجہ بتا دی

عامر خان کے داماد نوپور شیکھرے اپنے دوستوں کے ہمراہ 8 کلو میٹر تک جاگنگ کرتے ہوئے شادی کے مقام تک پہنچے تھے


ویب ڈیسک January 08, 2024
عامر خان کے داماد اپنے انوکھے انداز کی وجہ سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے : فوٹو : ویب ڈیسک

بالی ووڈ سُپر اسٹار عامر خان کے داماد نوپور شیکھرے نے 8 کلو میٹر تک پیدل چل کر شادی کے مقام تک پہنچنے کی وجہ بتا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئرا خان اور اُن کے ہندو شوہر نوپور شیکھرے نے 3 جنوری کو ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پر دستخط کیے تھے، اس تقریب میں عامر خان کے داماد اپنے انوکھے انداز کی وجہ سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے۔

نوپور شیکھرے نے اپنی شادی کے لیے شارٹس اور بنیان کا انتخاب کیا اور ساتھ ہی وہ روایتی انداز یعنی گھوڑے یا گاڑی پر بارات لانے کے بجائے اپنے دوستوں کے ہمراہ 8 کلو میٹر تک جاگنگ کرتے ہوئے شادی کے مقام تک پہنچے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

اب آئرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے جس میں اُن کی شادی کے یادگار اور خوبصورت لمحات کو دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں نوپور شیکھرے کے اپنے دوستوں کے ہمراہ پیدل شادی کے مقام تک پہنچنے سے لیکر اس جوڑی کے اپنے شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پردستخط کرنے تک کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: عامر خان کی بیٹی ایرا کی شادی کا کارڈ منظرِ عام پر

ویڈیو میں نوپور شیکھرے نے پیدل بارات لانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ "میں جب بھی اپنے گھر سے آئرا کے گھر تک جاتا تھا تو پیدل ہی جایا کرتا تھا، اس راستے سے میرا خاص اور جذباتی تعلق ہے، اسی وجہ سے شادی کے دن بھی ایرا کے گھر پیدل چل کر گیا"۔




واضح رہے کہ بھارت میں دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے خصوصی رجسٹریشن کی جاتی ہے اس کے بعد جوڑے اپنی اپنی روایات کے مطابق شادیاں کرسکتے ہیں۔

آئرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تقریبات 8 سے 10 جنوری تک راجھستان کے شہر اودے پور میں منعقد کی جائیں گی، عامر خان اپنے خاندان کے ہمراہ 5 جنوری کو ہی اودے پور پہنچ گئے تھے اور آج سے اُن کی بیٹی آئرا خان کی شاہی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں