سندھ پولیس کیلئے300ایم فور رائفلوں کی خریداری شروع

بین الاقوامی کمپنیوں سے خریدی جائیں گی، رائفلیں ابتدائی طور پر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کے حوالے کی جائیں گی

پولیس اہلکارایس ایم جی پر ہی گزارہ کریں،رائفل خریدنے کی مخالفت کرنیوالے افسران اعلیٰ حکام کی مداخلت پر رضامند ہوئے فوٹو: فائل

سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پولیس کو جدید اسلحے سے لیس کرنے کی غرض سے ایم فور رائفل کی خریداری کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔


اس ضمن میں ابتدائی طور پر 300 رائفلیں خریدی جائیں گی جوکہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے حوالے کی جائیں گی ، ذرائع نے بتایا کہ کچھ افسران نے رائفل خریدنے کی مخالفت کی تھی تاہم اعلیٰ حکام کی مداخلت پر انھیں بھی رضامند ہونا پڑا ، تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کو جدید اسلحے سے لیس کرنے کی غرض سے مختلف اقسام کے اسلحے کی خریداری کا عمل جاری ہے ، اس سلسلے میں دنیا کی جدید ترین ایم فور رائفل بھی سندھ پولیس کے لیے خریدی جارہی ہے ، ذرائع نے بتایا کہ 300 ایم فور رائفلیں خریدی جائیں گی جن کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈ بھی منتقل کردیے گئے ہیں اور خریداری کا عمل بین الاقوامی کمپنیوں سے شروع کردیا گیا ہے ۔

اس سلسلے میں متعلقہ حکام نے متعدد اجلاس بھی منعقد کیے ، ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پر سندھ پولیس کے چند افسران نے رائفل خریدنے کی مخالفت کی تھی ، ان کا کہنا تھا کہ انتہائی مہنگی رائفل سندھ پولیس کے لیے خریدنا پیسے کا ضیاع ہے پولیس اہلکاروں کو چاہیے کہ وہ سب مشین گین (ایس ایم جی) پر ہی گزارا کریں لیکن دوسری جانب اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے سربراہ مقصود میمن اور دیگر اعلیٰ حکام کی مداخلت پر افسران کو اپنی مخالفت سے پسپائی اختیار کرنا پڑی اور بالآخر سندھ پولیس کو رائفل خریدنے کی منظوری دے دی گئی ، ذرائع نے بتایا کہ 300 رائفلیں ابتدائی طور پر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے کمانڈوز کے حوالے کی جائیں گی ،دوسرے مرحلے میں رائفلیں سندھ پولیس کے دیگر یونٹس کے لیے بھی منگوائی جائیں گی ۔
Load Next Story