کراچی میں بد امنی ختم نہیں ہوئی تو شٹر ڈاؤن ہڑتال کرینگےتاجر

کراچی تا خیبر چھوٹے تاجرطویل دورانیے کی ہڑتال کرتے ہوئے ٹیکسوں کی ادائیگیاں بھی بند کردیں گے


ایکسپریس July 11, 2012
کراچی تا خیبر چھوٹے تاجرطویل دورانیے کی ہڑتال کرتے ہوئے ٹیکسوں کی ادائیگیاں بھی بند کردیں گے

آل پاکستان انجمن تاجران نے کراچی میں بدامنی ختم نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر سطح پرشٹرڈائون ہڑتال کی دھمکی دیتے ہوئے حکومت اور سیاست دانوںکو خبردار کیا ہے کہ یہ ان کے لیے آخری وارننگ ہے جس کے بعدکراچی تاخیبرچھوٹے تاجرطویل دورانیے کی ہڑتال کرتے ہوئے ٹیکسوں کی ادائیگیاں بھی بند کردیں گے ، یہ بات آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدرخالد پرویز نے سیکریٹری جنرل عبدالرزاق ببر، آل کراچی تاجراتحاد کے صدر عتیق میر،جمیل پراچہ، شرجیل گوپلانی، اسماعیل لالپوریہ ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نمائندوں قیوم آغا اور سرورخان کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی

خالد پرویز نے کہا کہ پنجاب میں لوڈشیڈنگ اور کراچی وبلوچستان میں بدامنی کے باعث معیشت وتجارت تباہی کے کنارے پر کھڑی ہے، انھوں نے اعلان کیا کہ آل پاکستان انجمنِ تاجران کراچی کے تاجروں کے حق میں آخری حد تک جائے گا اور ملک بھر کی تاجر برادری کراچی کے تاجروں کو جان و مال کے تحفظ کی فراہمی تک آخری حد تک جائیگی، خالد پرویز نے میڈیا کو بتایا کہ ملک کے دیگر شہروں سے کراچی میں تجارت کیلیے آنے والے تاجروں کی تعداد میں 60فیصد کمی واقع ہوگئی ہے، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے ہرقسم کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا میں وعدے کے برعکس صرف254 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے لیکن وہ بھی تین روز قبل ہٹالیے گئے ہیںجس سے اس امر کی نشاندہی ہوتی ہے کہ حکومت شہر میں مستقل بنیادوں پر قیام امن میں دلچسپی نہیں رکھتی ہے

ایک سوال کے جواب میں عتیق میر نے بتایا کہ کراچی چیمبر کے کردار پر چھوٹے تاجروں کو زبردست تحفظات لاحق ہیں جس کی وجہ سے شہرکے چھوٹے تاجروں نے اسمال ٹریڈرز چیمبر کے قیام کیلیے درخواست جمع کرادی ہے جس پر پارلیمنٹ میں ضروری قانون سازی کا عمل باقی ہے،انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی کی صنعت و تجارت بلوچستان کو بدامنی اور پنجاب کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلاکر ملکی صنعت و تجارت کو مشکلات سے نکالا جائے، دریں اثنا آل کراچی تاجر اتحاد کے وفدکی جمیل پراچہ کی قیادت میں شرجیل گوپلانی، اسماعیل لالپوریہ ، محمد احمد، زبیر علی خان کی آل پاکستان انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات انجمن تاجران پاکستان کے صدر خالد پرویز، رزاق ببر، قیوم آغا نے کراچی کے خراب حالات ، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دیگر معاملات میں کراچی کے تاجروں کا بھر پور ساتھ دینے کا اعلان کیا،اس موقع پر صدر خالد پرویز نے کہا کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی بھتہ خوری تاجروں کو اغوا کرنا یا ٹارگٹ کرکے قتل کرنا غیر معمولی بات ہے جس کی آل پاکستان انجمن تاجران بھر پور مذمت کرتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں