ورچوئل فنڈریزنگ پرانٹرنیٹ کی بندش پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ سے نوٹس کا مطالبہ
غیرآئینی اور غیرقانونی نگران سرکار 24 کروڑ شہریوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے میں مصروف ہے، ترجمان پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے انٹرنیٹ کی بندش کے فوری نوٹس کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق غیرآئینی اور غیرقانونی نگران سرکار 24 کروڑ شہریوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے میں مصروف ہے، تحریک انصاف کو پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کی اجازت نہیں جبکہ انتخابات کے دروان مکمل طور پر قانونی ڈیجیٹل سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹیں جبر و فسطائیت اور طاقت کے غلط استعمال کی بدترین مثال ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق عمران خان کی دیانت اور امانت کے باعث شہریوں نے کروڑوں روپے کے عطیات تحریک انصاف کو دیے، انتخابات میں واضح شکست کو سازش اور ریاستی طاقت کے ذریعے فتح میں بدلنے کیلئے ریاستی وسائل سے انجینئرنگ کی کوششیں جاری ہیں۔
مزیدپڑھیں: پاکستان میں سوشل میڈیا سروسز عارضی طور پر معطل
پی ٹی آئی کے مطابق انٹرنیٹ سے اس نوعیت کی قابلِ مذمت چھیڑ چھاڑ سے پہلے سے مشکلات میں گھری معیشت پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوں گے، تحریک انصاف کے پیغام کے عوام تک ابلاغ کا کوئی حربہ پہلے کامیاب ہوا نہ اب ہوگا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ معزز عدالت انٹرنیٹ بند/سلو کرکے معیشت کو بھاری نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کرے، 8 فروری دستور، جمہوریت اور عوام کے حقِ انتخاب کی فتح کا دن ہے، جبر سے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہ ہو پائیں گی۔