غیر ملکی’’ استاد‘‘ پلیئرز کو فیلڈنگ کا سبق پڑھائیں گے

پی سی بی نے گرانٹ لیوڈن کو ذمہ داری سنبھالنے پر قائل کرلیا،بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے بھی دستخط شدہ کنٹریکٹ بھجوا دیا


Sports Reporter May 31, 2014
لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کنڈیشننگ کیمپ کے دوران کپتان مصباح الحق اور دیگر کھلاڑی چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی کسی بات پر مسکرارہے ہیں، ٹیم کو مستقبل میں مزید مالی و دیگر مراعات سے نوازنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

غیرملکی''استاد'' پاکستانی پلیئرزکو فیلڈنگ کا سبق پڑھائیں گے۔

پی سی بی نے جنوبی افریقی گرانٹ لیوڈن کو ذمہ داری سنبھالنے پر قائل کرلیا، زمبابوے سے تعلق رکھنے والے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے بھی دستخط شدہ کنٹریکٹ بورڈ کو بھجوا دیا، اب صرف فزیو تھراپسٹ کا انتخاب باقی رہ گیا، جس کے بعد ٹیم کا معاون اسٹاف مکمل ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے گرانٹ لیوڈن کو قومی کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کر دیا، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے بھی دستخط شدہ کنٹریکٹ بھجوا دیا ہے، وہ15جولائی کو ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے غیر یقینی صورتحال ختم کرنے کیلیے ٹویٹر پر پیغام دیا،کرکٹرز کی کارکردگی میں نکھارلانے کیلیے بہترین کوچنگ اسٹاف سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی20 کے دوران مختلف شعبوں میں متعدد تکنیکی خامیاں اور فٹنس مسائل سامنے آنے کے بعد پورے نظام کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ہنٹ کمیٹی نے ہیڈ کوچ کے طور پر وقار یونس کا انتخاب کیا، مشتاق احمد اسپن بولنگ میں معاون مقرر ہوئے،کوچنگ کے دیگر عہدوں کیلیے پی سی بی کی ترجیح غیر ملکی تھے، بیٹنگ کوچ کیلیے زمبابوے سے تعلق رکھنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر گرانٹ فلاور کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔

فیلڈنگ کوچ کیلیے ان کے ہم وطن رچرڈ ہلسال فیورٹ تھے، چیئرمین پی سی بی کی سیٹ کیلیے رسہ کشی کے سبب اکھاڑ پچھاڑ نے غیر ملکی آفیشلز کی پاکستان آمد کو غیر یقینی کیفیت سے دوچار کردیا تھا، سپریم کورٹ کے عبوری فیصلے کی روشنی میں بحال ہونے والے چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی نے جمعرات کی شب ٹویٹر پر انکشاف کیا کہ گرانٹ فلاور اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے سابق بنگلہ دیشی ٹرینر گرانٹ لیوڈن کے ساتھ معاملات طے پاگئے ہیں۔ جمعے کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ گرانٹ فلاور نے کنٹریکٹ کی دستاویزات دستخط کرکے پی سی بی کو بھجوا دی ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر 15جولائی سے ذمہ داریاں سنبھالنے کیلیے دستیاب ہوںگے، انھوں نے کہا کہ گرانٹ لیوڈن کیساتھ مالی امور پر بات چیت چل رہی تھی،اب ان سے بھی معاملات طے ہوگئے ہیں، معاہدے کی دستاویزات انھیں بھجوادی گئیں جلد ہی واپس موصول ہوجائیں گی۔انھوں نے کہا کہ انتظامی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے کرکٹرز کی کارکردگی نکھارنے کیلیے ہر ممکن سہولتیں فراہم کررہے ہیں،سمر کنڈیشننگ کیمپ میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم کے ساتھ ملکی ٹرینرز اور دیگر معاون اسٹاف نے بھی بہترین کام کیا، جس کے نتائج میدان میں نظر بھی آئیں گے۔

غیر ملکی اسٹاف کی جدید تکنیک اور تجربہ بھی کھلاڑیوں کو میسر آئے گا،محمد اکرم کے کہنے پر کیمپ میں پلیئرز کو سابق کرکٹرز سے رہنمائی حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔کیمپ میں باقاعدہ اعلان کے بجائے ٹویٹر پر بریکنگ نیوز دینے کے سوال پر انھوں نے کہاکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہی اس حوالے سے غیریقینی کی فضا تھی، اس وجہ سے اطلاع دینے کیلیے بھی یہی ذریعہ اختیار کیا۔ دریں اثنا ایک بورڈ آفیشل کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کا سابق ٹرینر ہونے کے ناطے گرانٹ لیوڈن دہرا کردار ادا کرسکتے ہیں، قومی ٹیم کے ساتھ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی خدمات سرانجام دینگے،ذرائع کے مطابق بورڈ کو اب فزیو تھراپسٹ کا انتخاب کرنا ہے جس کے بعد ہیڈ کوچ وقار یونس کا معاون اسٹاف مکمل ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |