اسرائیل کا لبنان پر ایک اور فضائی حملہ حزب اللہ کے مزید 3 کمانڈرز جاں بحق

دو روز میں اسرائیلی فضائی حملوں میں جاں بحق ہونے والے حزب اللہ کے کمانڈرز کی تعداد 5 ہوگئی


ویب ڈیسک January 09, 2024
لبنان پر مسلسل دوسرے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے حزب اللہ کماڈرز کی تعداد 5 ہوگئی، فوٹو: فائل

اسرائیل نے آج پھر لبنان میں فضائی کارروائی کی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے 3 کمانڈرز جاں بحق ہوگئے جب کہ دو روز میں مجموعی تعداد 5 ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز کی طرح آج بھی اسرائیل نے فضائی حملے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ گاڑی میں آگ بھڑک اُٹھی اور اُس میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

لبنان کے مقامی میڈیا نے تصدیق کی کہ جنوبی علاقے میں ایک کار کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔ یہ کار حزب اللہ کے کمانڈرز کے زیر استعمال تھی اور ممکنہ طور پر اس میں تین کمانڈرز سوار تھے۔

حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کی جانب سے اس حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تاہم حملے کی ویڈیو سوشل ویڈیو پر وائرل ہوگئی۔

یہ خبر پڑھیں : لبنان پر اسرائیل کے فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر جاں بحق

گزشتہ روز بھی جنوبی لبنان میں اسرائیل کے ایک گاڑی پر فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر وسام تاویل اپنے ایک ساتھی سمیت شہید ہوگئے تھے جب کہ آج کی کارروائی میں 3 شہادتوں کے بعد مجموعی تعداد 5 ہوگئی۔

خیال رہے کہ اسرائیل کی غزہ اور پھر مغربی کنارے کے بعد اب لبنان میں بڑھتی کارروائیاں اس موقع پر کی جا رہی ہیں جب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے اہم دورے پر قطر، سعودیہ، اردن، فلسطین اور اسرائیل میں فریقین سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

7 جنوری سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 59 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمیوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں