ریفرنس کے مطابق رواں سال 14 جولائی کو توشہ خانہ کی تحقیقات تفتیش میں تبدیل ہوئیں، بانی پی ٹی آئی نے سعودی ولی عہد سے موصول ہونے والا جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا، توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتار
نیب حکام نے ریفرنس میں بتایا کہ دوران تفتیش معلوم ہوا بشریٰ بی بی کا سعودی ولی عہد سے جیولری سیٹ تحفے میں ملا، جیولری سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کروایا گیا۔ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ قوانین کی خلاف وزری کی، انہوں نے اتھارٹی کا استعمال کرتے ہوئے جیولری سیٹ کی من پسند قیمت لگوائی۔
نیب ریفرنس کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے جیولری سیٹ 90 لاکھ روپے رقم کی ادائیگی کے عوض وصول کرلیا، توشہ خانہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ قیمت کا اندازہ لگانے والے پرائیویٹ فرد سے انتہائی کم قیمت لگوائی گئی بعد ازاں جیولری سیٹ کی اصل قیمت لگانے کے لیے دبئی کے ماہر سے بھی رابطہ کیا گیا۔