موقع ملا تو سوئی کے ہر گھر میں گیس کنکشنز فراہم کریں گے آصف زرداری
عوام کی خدمت ہی پیپلزپارٹی کا منشور ہے، سوئی کے نوجوانوں کو روزگار بھی دیں گے، سابق صدر کا جلسے سے ٹیلی فونک خطاب
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر حکومت ملی تو سوئی میں گیس پائپ لائن بچھا کر ہر گھر میں گیس فراہم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں منعقدہ پیپلزپارٹی کے جلسے سے ٹیلی فونک خطاب میں آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے والے عمائدین کو خوش آمدید کہتا ہوں اور عوام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے بھروسہ کیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ اگر موقع ملا تو سوئی کے علاقے میں گیس پائپ لائن ڈال کر ہر گھر کو گیس فراہم کریں گے جبکہ یہاں کے نوجوانوں کو روزگار دیں گے کیونکہ عوام کی خدمت ہی پیپلزپارٹی کا منشور ہے۔
سابق صدر نے پارٹی کارکنان اور عوام سے وعدہ کیا کہ وہ نہ صرف سوئی کے علاقے کی حالت تبدیل کریں گے بلکہ جلد ڈیرہ بگٹی کے علاقے کا دورہ بھی کریں گے۔
قبل ازیں پی پی میں شامل ہونے والے سابق وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی تقدیر ہے، آج پاکستان کے خلاف پوری ایک مہم جوئی کے ساتھ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی سے پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد ہے اور اسے دنیا کی کوئی طاقت توڑ سکتی اورنہ ہی نقصان پہنچا سکتی ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں کی جماعت اور مزدوروں کا مقدمہ لڑتی ہے، پی پی مزدور کو اپنے پیروں پر کھڑا کرے گی۔
انوہں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نہ صرف وفاق بلکہ بلوچستان میں واضح اکثریت کے ساتھ اپنی حکومت بنانے جا رہی ہے۔