پاکستان معاشی طور پر ٹیک آف کرنے کیلئے تیار ہے نگران وزیر تجارت

پاکستان جی سی سی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کر رہا ہے اورچین کے ساتھ آزادانہ تجارت کامعاہدہ ہے، گوہر اعجاز


ویب ڈیسک January 09, 2024
گوہر اعجاز نے مصر کے شہر قاہرہ میں کانفرنس سے خطاب کیا۔فوٹو: فائل

نگران وفاقی وزیرتجارت گوہراعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی طور پر ٹیک آف کرنے کے لیے تیار ہے اور برآمدات 100 ارب ڈالرز تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستان-افریقہ ٹریڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا پاکستان کی معیشت ایک ہزار ارب ڈالرز تک پہنچانا مشن ہے، اور برآمدات 100 ارب ڈالر کرنے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصر اور شمالی افریقہ کے ممالک کے ساتھ باہمی تجارت بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان اب زراعت پر توجہ مرکوز کر رہا ہے اور اس کے لیے لاکھوں ایکڑ رقبہ کارپوریٹ فارمنگ کے لیے مختص کیا جا رہا ہے۔

گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان گندم، سویا بین تیل سمیت کئی زرعی اجناس پیدا کرے گا، لائیو اسٹاک کے شعبے کو ترقی دے رہے ہیں، گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے سلاٹر ہاوس قائم کیے جا رہے ہیں۔

نگران وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان جی سی سی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کر رہا ہے جبکہ چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کیا ہوا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے، مصری سرمایہ کار پاکستان کو اپنی مصنوعات برآمد کر سکتے ہیں۔

گوہر اعجازنے کانفرنس کے شرکا کو بتایا کہ پاکستان اور مصر ایک جیسی مصنوعات تیار کر رہے ہیں، مسلم ممالک مل کر معاشی طاقت بن سکتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں