طاقت ور کو قانون کے تابع کرنے کی کوشش پر مجھے سزا دی جارہی ہے عمران خان
شیخ رشید سے اتحاد کا فیصلہ سیاسی سیٹ اپ کرے گا، عمران خان کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں چپڑاسی سمیت دو افراد کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا گیا ہے۔
توشہ خانہ کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ میں کہا گیا ہے کہ میں نے اپنے آفس بوائے کے ذریعے اربوں روپے کی کرپشن کی اور اربوں کا فائدہ حاصل کیا، بطور وزیراعظم میں کسی اور کا نہیں بلکہ اپنے آفس بوائے کا استعمال کروں، کیا ایسا ممکن ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف چپڑاسی سمیت دو افراد کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا ہے، کیا یہ معاشرہ امر باالمعروف پر چل رہا ہے؟ جبکہ یہ ایک اسلامی معاشرہ ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشرہ اچھائی، برائی پر ہوتا ہے، اچھائی ختم تو معاشرہ ختم ہوجاتا ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس میں نیب گواہان کی فہرست سامنے آگئی
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں نے طاقت ور کو قانون کے تابع کرنے کی کوشش کی جس کی مجھے سزا دی جارہی ہے۔
سپریم کورٹ کے گزشتہ روز نااہلی کی مدت سے متعلق فیصلے پر عمران خان نے کہا کہ یہ عدالتی فیصلہ ہے جس پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔ اسی طرح ایک صحافی کے شیخ رشید سے اتحاد سے متعلق سوال پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی سیٹ اپ فیصلہ کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتار
عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں یہ بھی بتایا کہ پانچ ماہ میں صرف دو مرتبہ بیٹوں سے بات کرائی گی۔