دسمبر2023 52 شہری قتل کروڑوں کی گاڑیاں موٹرسائیکلیںموبائل فونزچھین لیے گئے

سی پی ایل سی نے دسمبر کے دوران کراچی میں ہونے والی لوٹ مار کی وارداتوں اور دیگر واقعات کے اعداد و شمار جاری کردیے

— (فوٹو فائل)

گزشتہ سال 2023 کا دسمبر بھی شہریوں پر بھاری گزرا ، شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران شہری کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز سے محروم کر دیے گئے، 52 شہریوں کو چھینا جھپٹی کی وارداتوں کے دوران موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔

سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی ( سی پی ایل سی ) کی جانب سے گزشتہ سال 2023 کے دسمبر میں شہر میں کی جانے والی لوٹ مار کی وارداتوں اور دیگر واقعات کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق دسمبر میں شہر کی سڑکوں پر لٹیروں نے مجموعی طور شہریوں کو 206 گاڑیوں سے محروم کر دیا جس میں 26 گاڑیاں چھینی اور 180 گاڑیاں چوری کی گئیں۔

اسی طرح سے متوسط طبقے کی سواری، موٹر سائیکلوں کی چھینا جھپٹی بھی عروج پر رہی، دسمبر کے 31 روز میں شہریوں کو مجموعی طور پر 4 ہزار 777 موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا گیا جس میں 729 موٹر سائیکلوں کو چھینا گیا جبکہ 4 ہزار 48 موٹر سائیکلیں چوری کی گئیں۔


گزشتہ ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں شہریوں کو مجموعی طور پر 2 ہزار 95 موبائل فونز سے محروم کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر میں جاری قتل و غارت گری کے دوران مجموعی طور پر 52 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

دسمبر میں گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کی چھینا جھپٹی اور چوری کی وارداتوں کے ساتھ ساتھ قتل و غارت گری ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ طلب کرنے کے واقعات بھی جاری رہے۔

شہر میں گزشتہ ماہ بھتہ طلب کرنے کے 11 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ اسی دوران اغوا برائے تاوان کی بھی 3 وارداتیں رپورٹ ہوئیں ۔

 
Load Next Story