پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کا بھرپور فائدہ اٹھائے سفیر یورپی یونین

صرف ٹیکسٹائل تک محدود رہنے کے بجائے اپنی برآمدات کے دائرہ کار کو وسیع اور متنوع بنائے


Staff Reporter January 10, 2024
یورپی یونین کی نئی ہدایات 2027 سے پہلے ہی نافذالعمل ہونگی، کراچی چیمبر کا دوہ، گفتگو۔ فوٹو: یو ای ڈیلیگیشن پاکستان

یورپی یونین کی سفیر رائنا کیونکا نے کہا ہے کہ پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کا بھرپور فائدہ اٹھائے۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کی سفیر رائنا کیونکا نے کہا ہے کہ پاکستان صرف ٹیکسٹائل کی برآمدات تک محدود رہنے کے بجائے یورپی یونین کو اپنی برآمدات کے دائرہ کار کو وسیع اور متنوع بنائے تاکہ پاکستان یورپی یونین کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکے، جسے حال ہی میں 2027 تک مزید 4 سال کیلیے بڑھا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس سے فائدہ اٹھانے والے نہ صرف ٹیکسٹائل کے پروڈیوسرز ہیں بلکہ وہ تمام لوگ جو ٹیکسٹائل فیکٹریوں میں کام کرتے ہیں، جی ایس پی پلس گزشتہ 10سال کے دوران معاشی لحاظ سے انتہائی مثبت اور مفید رہا ہے کیونکہ اس نے یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں 108فیصد اضافہ کرنے میں مدد کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یورپی یونین نے پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس 2027 تک بڑھادیا

رائنا کیونکا نے کہا کہ پاکستان کے لیے یورپی یونین کا جی ایس پی پلس قواعد کے فریم ورک میں بغیر کسی تبدیلی کے بڑھا دیا گیا ہے، اس لیے 2027 تک سب کچھ ویسا ہی رہے گا، ہمیں توقع ہے کہ نئی پارلیمنٹ اور یورپی یونین کے رکن ممالک کی کونسل ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ جی ایس پی پلس کے لیے ایک نئی ہدایت پر مذاکرات شروع کریں گے جو پچھلے سال نہ ہو سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگریورپی یونین نئی ہدایت لے کر آتی ہے تو یہ 2027 سے پہلے ہی نافذالعمل ہوجائے گی، پاکستان کے جواہرات اور زیورات کے شعبے میں بہت زیادہ صلاحیت ہے، اس لیے متعلقہ تاجروں کو چاہیے کہ وہ اس کی قدر و قیمت میں اضافہ کریں اور خام مال کو خطے میں برآمد کرکے کسی اور کو کٹنگز، پالش اور جیولری بنانے کا کام دینے کرنے کے بجائے یہ کام خود کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں