دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ریاستی ردعمل اتنا شدید ہوگا وزیراعظم

ریاست شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، انوار الحق کاکڑ


ویب ڈیسک January 10, 2024
فوٹو فائل

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشتگرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کے خلاف ریاست کے رد عمل میں اتنی ہی شدت آئے گی، دہشتگرد 24 کروڑ لوگوں کے عزم کو شکست نہیں سکتے۔

انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریاست شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، ریاست ان کے لواحقین کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مشن بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے لئے حکومتی کوششوں میں افواج پاکستان، پولیس، پولیو ورکرز اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہا۔

وفاقی کابینہ میں توثیق اور منظوریاں

علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2018 کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ کی پیش کردہ سمری اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں 227 یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اساتذہ کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سے قبل سابق نگران وزیر داخلہ سرفراز احمدبگٹی کو اس کمیٹی کی سربراہی سونپی گئی تھی۔ اُن کے استعفیٰ کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی جا رہی ہے۔ نو تشکیل شدہ کمیٹی کی صدارت وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر سپریم کورٹ بلڈنگ کمیٹی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے لیے زیر تعمیر نئی عمارت میں کراچی بھر میں مختلف مقامات پر قائم تمام فیڈرل کورٹس اور ٹربیونلز کی منتقلی اور عمارت کے ڈیزائن میں ضروری ترامیم کرنے کی منظوری دے دی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اپنی موجودہ عمارت میں کام جاری رکھے گی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر لائیو سٹاک و ڈیری ڈیلپمنٹ بورڈ(LDDB) کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے پیش کی گئی سمری پر ہدایت دی کہ اس حوالے سے بلوچستان اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے فیصلوں کی روشنی میں لائیو سٹاک و ڈیری ڈیلپمنٹ بورڈ کے انتظامی بورڈ کو فعال کیا جائے تاکہ چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے کیا جا سکیں۔

وفاقی کابینہ نے کینابیس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2024 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اسے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کو بھیج دیا. اس اتھارٹی کے تحت ملک میں cannabis کی کاشت ،ایکسٹریکشن، ریفائننگ اور طبی اور صنعتی استعمال کے حوالے سے ضروری ضوابط مرتب کئے جا سکیں گے۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13-12-2023، 15-12-2023 اور 20-12-2023کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائےحکومتی ملکیتی ادارہ جات (CCOSOEs) کے 28-12-2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز کے 22-12-2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں