بلے کا نشان ملنے کے بعد پی ٹی آئی کو دو تہائی اکثریت کی فتح سے کوئی نہیں روک سکتا بیرسٹر گوہر
ملک کے ہر حلقہ میں امیدوار اتاریں گے، امیدواروں کے ناموں کا اعلان کل ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب پی ٹی آئی کو انتخابات میں فتح سے کوئی نہیں روک سکتا، 8 فروری کو پی ٹی آئی کی دو تہائی اکثریت سے جیت ہوگی۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ انتخابی نشان بلے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا، بلا پی ٹی آئی نہیں پاکستانی عوام اور ان کے حقوق کی نشانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہر مرحلہ پر پی ٹی آئی کو روکنے کی کوشش کی، اگر ہمیں انتخابی نشان نہ ملتا تو تمام سیٹوں سے الیکشن مشکوک ہوجاتے، آنے والا الیکشن کوئی بھی ہوتا نشان نہ ہونے سےکرپشن کا بازار لگ جانا تھا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دنیا کے تمام قوانین میں کسی سیاسی پارٹی سے نشان لینے کا قانون نہیں ہے، ہم نے ایسے الیکشن کرائے اس طرح کسی پارٹی نے نہیں کرائے ہیں۔
مزید پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کا بلے کا انتخابی نشان بحال کردیا
انہوں نے بتایا کہ پارٹی امیدواروں کا اعلان کل ہوجائے گا جبکہ ملک کے ہر حلقہ میں امیدوار اتاریں گے۔ تمام ٹکٹ دستخط کرکے جاری کریں گے وہ میڈیا سے شیئر کر دیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ٹکٹوں کیلئے پیسوں کے لین دین کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے، تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر کمیٹیاں قائم ہیں جن سے مشاورت کے بعد امیدواروں کو ٹکٹ دیے گئے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ٹکٹوں کا کل پکا فائنل ہے پرسوں مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی تھی، کل پشاور ہائیکورٹ مصروف تھا آج ملاقات ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے امید ظاہر کی کہ سائفر کیس کی کل سماعت ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ عدالت سے ریلیف ملے گا، اوپن ٹرائل ہوگا، سائفر کیس حکومت کے خلاف نہیں ہے، ملکی سلامتی کیلئے ہے، پوسٹل بیلٹ کیلئے ابھی اپلائی نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی کو بہت سارے کیسز میں ملوث کیا جا رہا ہے۔