کراچی میں آج رواں سیزن کا سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ
گلستان جوہر، جناح ٹرمینل میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا
شہر قائد میں آج رواں سیزن کا سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ ہفتے سے جاری سردی کی لہر میں مزید شدت آ رہی ہے۔ جمعرات کے روز سرکاری ڈیٹا کے حامل ویدر اسٹیشن (پہلوان گوٹھ) پر درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
گلستان جوہر کے علاقے میں آج کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جب کہ جناح ٹرمینل ویدر اسٹیشن پر کم از کم پارہ 8 ڈگری، شاہراہ فیصل اور ماڑی پور میں 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ کل کراچی کا پارہ مزید گر کر سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ ہو سکتا ہے۔ جمعہ کے روز شہر میں درجہ حرارت 8 تا 10 اور ہفتے کو 9 تا 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں زیادہ تر اوقات میں بلوچستان کی شمال مشرقی و جنوب مشرقی سمت کی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے اس دوران سمندری ہوائیں بند رہنے کی توقع ہے جب کہ صوبے کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھانے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ آئندہ 3 روز تک شہر قائد کا موسم مزید سرد ہوگا۔ اس دوران دن میں فضا کے خشک اور رات میں سرد رہنے کی توقع ہے جب کہ کم سے کم پارہ 10سے12ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔