مومنہ مستحسن کے انسٹاگرام سے تمام تصاویر ڈیلیٹ
سوشل میڈیا پر مومنہ مستحسن کی منگنی ٹوٹنے کی خبر سامنے آئی تھی
پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ مومنہ مستحسن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردیں۔
سال 2016 میں کوک اسٹوڈیو میں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے ساتھ سُپر ہٹ گانا "آفریں آفریں" گا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی معروف گلوکارہ مومنہ مستحسن نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے اپنی تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کردی ہیں۔
انسٹاگرام پر 4 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی مومنہ مستحسن نے اچانک اپنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرکے مداحوں کو اُلجھن میں ڈال دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین سوال کررہے ہیں کہ مومنہ مستحسن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس کیوں ڈیلیٹ کیں، صارفین کے سوال پر گلوکارہ نے پوسٹس ڈیلیٹ کرنے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ مومنہ مستحسن نے گانا "آفریں آفریں" کے بعد کئی گانے گا کر اپنے مداحوں کے دل جیتے، اُنہوں نے نیویارک کی اسٹونی بروک یونیورسٹی سے بائیومیڈیکل انجنیئرنگ اینڈ اپلائڈ میتھمیٹکس میں دوہری ڈگری حاصل کی۔
مزید پڑھیں: مومنہ مستحسن کواسرائیل فلسطین کشیدگی پربیان دینا مہنگا پڑگیا
سال 2016 میں مومنہ مستحسن نے علی نقوی نامی شخص سے منگنی کی تھی اور سال 2017 کے اوائل میں اُن کی منگنی ٹوٹنے کی خبر سامنے آئی تھی۔