وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کو قومی سیاست کا کچھ پتا نہیں وہ شیخ رشید کے شاگر بن چکے ہیں ان کا سیاسی انجام بھی شیخ رشید جیسا ہوگا جبکہ طاہر القادری اور چوہدری برادران سیاسی بے روز گار ہیں ان میں سے ایک اپوزیشن اور دوسرا پارلیمنٹ میں نہیں آ سکے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ بھارت پر تنقید کرنے والے عمران خان اگر خود مودی سے ملتے تو وہاں بھی بنی گالا کی سڑک کا مطالبہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج تک ا پنی تقریروں میں کشمیر کا ذکر تک نہیں کیا انہیں قومی سیاست کا کچھ پتا نہیں وہ شیخ رشید کے شاگر بن چکے ہیں ان کا سیاسی انجام بھی شیخ رشید جیسا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی تنہائی کا شکار ہیں ان کو صرف چار حلقوں کا بخار چڑھا ہوا ہے جبکہ وہ ظہور پیلس اور کینڈین بازی گر کے بھی متحاج بننے جارہے ہیں۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ طاہر القادری اور چوہدری برادران تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو بھی اپنے ساتھ شامل کرنا چاہتے ہیں، عمران خان پنجرے کے گرد گھوم رہے ہیں لیکن اندر جانے سے ڈرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید بغیر ٹکٹ کے مسافر ہیں جن کی ٹکٹ اسٹیشن پر چیک ہو گی جب کہ سابق صدر پرویز مشرف کی باقیات اس کے پیاروں کو جمع کرنے کی کو شش کر رہے ہیں۔
پرویز رشید نے کہا کہ طالبان کے جو گروپ ہتھیار ڈال دیں گے اور حکومت سے مذاکرات کریں گے ان سے بات کی جائے گی، جو تحریب کاری میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔