کراچی میں باپ کے ساتھ شادی میں جانے والا 20 سالہ بیٹا ڈکیتی مزاحمت پر قتل

ڈاکوؤں نے سرجانی ٹاؤن پاؤر ہاؤس کے قریب مزاحمت پر باپ بیٹے کو زخمی کیا، بیس سالہ فیض کے سر میں گولی ماری تھی


Staff Reporter January 12, 2024
—فائل فوٹو

شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر باپ کے ساتھ شادی میں جانے والے 20 سالہ نوجوان کو ابدی نیند سلادیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکو راج بدستور قائم ہے اور اس میں کمی دیکھنے میں نہیں آرہی، رواں سال کے گیارہ روز میں ڈکیتوں نے مختلف علاقوں میں مزاحمت پر چار افراد کو گولیوں کا نشانہ بناکر قتل کردیا۔

سرجانی ٹاؤن میں پاور ہاؤس کے قریب موٹر سائیکل پر سوار باپ بیٹے سے مسلح افراد نے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر دونوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

ڈاکوؤں نے باپ کے کان کے قریب جبکہ بیس سالہ فیض محمد کے سر پر گولی ماری، دونوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بیٹا دوران علاج دم توڑ گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بیس سالہ فیض سر پر گولی لگنے کے باعث شدید زخمی ہوا تھا جبکہ ڈکیتوں نے مقتول کے پچاس سالہ والد فتح محمد کے کان کے قریب گولی ماری تھی۔

پولیس کے مطابق واردات کے بعد جائے وقوعہ سے شواہد و خول تحویل میں لے کر تحقیقات کی جارہی ہیں۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ رواں سال کے گیارہ روز میں شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے چار شہریوں کو مزاحمت پر قتل کردیا۔

زخمی فتح محمد نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کلفٹن باتھ آئی لینڈ کے رہائشی ہیں اور شادی کی تقریب میں شرکت کیلیے سرجانی جارہے تھے، واقعے میں اُن کا جوان بیٹا جاں بحق ہوگیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں