طاہر القادری کا حکومت کیخلاف گرینڈ الائنس کیلئے ایم کیوایم سمیت دیگرجماعتوں سے رابطے کا فیصلہ

طاہر القادری چند روز میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کریں گے،ذرائع


ویب ڈیسک May 31, 2014
تحریک انصاف کو بھی گرینڈ الائنس میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی تاہم اس کے شامل نہ ہونے پر بھی الائنس بنایا جائے گا۔،ذرائع۔ فوٹو: فائل

حکومت کے خلاف اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنانے کے لیے تیاریاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں چوہدری بردران نے دوسرے روز بھی ڈاکٹرطاہرالقادری سے ملاقات کی جس میں ایم کیوایم سمیت دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ(ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی جس میں حکومت کے خلاف اپوزیشن گرینڈ الائنس کے قیام اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں گرینڈ الائنس کے لیے ایم کیو ایم،مجلس وحدت المسلمین اور سنی اتحاد کونسل سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف کو بھی گرینڈ الائنس میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی تاہم اس کے شامل نہ ہونے پر بھی الائنس بنایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نظام بدلنے کی خواہش مند جماعتوں کا الائنس بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں ڈاکٹر طاہر القادری حکومت کے خلاف حتمی معرکے کے لیے کسی پر انحصار کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ چند روز میں ڈاکٹر طاہر القادری ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس بنانے کے لیے چوہدری برادران اور طاہر القادری کی گزشتہ روز بھی ملاقات ہوئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں