برطانوی گلوکار زین ملک کا پاکستانی گلوکاروں کیساتھ اُردو زبان میں گانا ریلیز

برطانوی گلوکار زین ملک نے اُردو زبان میں گانا کر مداحوں کو اپنی سالگرہ کا تحفہ دے دیا


ویب ڈیسک January 12, 2024
زین ملک نے پاکستانی نوجوان گلوکاروں کیساتھ اُردو زبان میں گانا گا کر مداحوں کو خوش کردیا : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک کا پاکستان کے ابھرتے ہوئے میوزک بینڈ 'اور' کے نوجوان گلوکاروں کے ساتھ اُردو زبان میں گانا ریلیز ہوگیا جس کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں۔

پاکستانی میوزک بینڈ 'اور' نے سال 2023 میں 10 جون کو گانا 'تو ہے کہاں' ریلیز کیا تھا جو پاکستان سمیت بھارت میں بھی کافی مقبول ہوا، اس گانے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے نوجوان گلوکاروں نے اس گانے کا اپڈیٹڈ ورژن بنانے کا سوچا۔

گانا 'تو ہے کہاں' کا اپڈیٹڈ ورژن آج 12 جنوری کو برطانوی گلوکار زین ملک کی سالگرہ کے موقع پر یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا ہے، پاکستانی میوزک بینڈ 'اور' کی جانب سے ریلیز کیے گئے گانے کے اپڈیٹڈ ورژن میں زین ملک نے بھی اُردو زبان میں گانے کے چند سطر گنگنائے ہیں۔

زین ملک کی آواز میں اُردو زبان میں گانا سُن کر اُن کے لاکھوں مداحوں خوشی سے نہال ہوگئے ہیں اور سوشل میڈیا پر گانے کی ویڈیو کلپس شیئر کرکے اپنی خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔



مداحوں کا کہنا ہے کہ برطانوی گلوکار زین ملک نے اُردو زبان میں گانا کر اپنی سالگرہ کا تحفہ دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی گلوکار زین ملک کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے، سال 2016 میں اُنہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اردو زبان بولتے بھی ہیں اور سمجھ بھی سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔