حکومت کا 9 مئی کے ملزمان کے فوری ٹرائل کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کا مطالبہ

جتنے لوگ ہم نے 9 مئی واقعات میں پکڑے ان میں 90 فیصدیا رہا ہوگئے ہیں یاان کی رہائی کا عمل جاری ہے، نگران وزیراطلاعات

خیبرپختونخوا کے نگران وزیراطلاعات نے پریس کانفرنس کی۔فوٹو: ایکسپریس نیوز

خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے 9مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو فوری طور پر سزائیں دینے کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کامطالبہ کردیا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دورں صوبائی نگران وزیراطلاعات بیرسٹر فیروز جمال کاکاخیل نے کرنل کیپٹن شیرخان شہید نشان حیدرکے مزار پر حملہ کرنے والوں کو سزانہ ملنے پر احتجاجاً اپنا استعفی بھی شہید کے بھائی کے حوالے کر دیا تاہم انورشیر نے مذکورہ استعفی پریس کانفرنس کے دوران پھاڑ ڈالا۔

نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ کرنل شیرخان ایساسپوت ہے دھرتی کو جس پر فخرہے، ان کی کی بہادری کا دشمن بھی معترف ہے۔

انھوں نے کہا کہ 9 مئی کےواقعات خیبرپختونخوا کے عوام کبھی نہیں بھول سکتے،کرنل شیر خان کا خاندان 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے بارے میں پوچھتا ہے۔


صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کررہے ہیں اور ان کے خلاف کاروائی جاری ہے، سیاست کی آڑ میں ملک سے کھیلنے والوں کو کیسے معاف کیا جاسکتا ہے، انورشیر کو اسی لیے سامنے لائے ہیں کہ یہ خود فریاد کریں کیونکہ جتنے لوگ ہم نے 9 مئی واقعات میں پکڑے ان میں 90 فیصدیا رہا ہوگئے ہیں یاان کی رہائی کا عمل جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ جو لوگ ان بچوں کواکسا کرمیدان میں لائے ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں، ریاست اتنی کمزورنہیں کہ شہدا اوران کے خاندانوں کاتحفظ نہ کرسکے، شہداء کے خاندان اداروں سے انصاف مانگتے ہیں، سوشل میڈیا ناسور جواداروں اورنظام کو کھوکھلا کر رہا ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ عدالتوں اور اداروں کافرض بنتا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرکے شہداء کے خاندانوں کوانصاف دیاجائے، خصوصی عدالتیں قائم کرتے ہوئے 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کی سمری کورٹس میں ٹرائل کرتے ہوئے نشان عبرت بنایا جائے۔

اس موقع پر کیپٹن کرنل شیرخان شہید کے بھائی انورشیر نے کہا کہ چکدرہ انٹرچینج 9 مئی کو نذر آتش کیا گیا، جس پر کرنل کیپٹن شیرخان کانام لکھا ہوا ہے، کرنل شیرخان 18 ہزار 460 فٹ بلندی پر جو سبز ہلالی پرچم لے کرگیا اس کی بے حرمتی کی گئی۔

انور شیر نے کہا کہ ہم وزیراطلاعات کااستعفی نہیں 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی چاہتے ہیں، جوقومیں اپنے شہدا اور غازیوں کی توہین کرتی ہیں ان کاانجام اچھا نہیں ہوتا۔
Load Next Story