شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبداللہ خدری اور خالد جانان کے ناموں سے ہوئی، دونوں متعدد وارداتوں میں ملوث تھے

فوٹو فائل

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 12 جنوری کو شمالی وزیرستان کے ضلع میں کارروائی کی۔

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے بعد جوانوں نے بھی جوابی فائرنگ کی۔


آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دو طرفہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت عبداللہ خدری اور خالد جانان کے ناموں سے ہوئی۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے آپریشن جاری کردیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
Load Next Story