کورنگی میں نئے سال کی بڑی ڈکیتی ڈاکو 80 لاکھ روپے چھین کر فرار  

ملزم کے خلاف ڈکیتی کے 14 سے زائد مقدمات درج ہیں اور اس واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، پولیس


ویب ڈیسک January 12, 2024
پولیس نے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ سے ملزم کی شناخت کرلی ہے۔فائل/فوٹو

کورنگی کے صنعتی علاقے میں ویٹا چورنگی کے قریب 2024 کی سب بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی جہاں ڈاکو تاجر سے 80 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔

ایس ایچ او کورنگی عبیداللہ نے بتایا کہ ڈکیتی کا یہ واقعہ جمعرات کو صبح پیش آیا تھا، جس میں فیکٹری کا مالک نجی بینک سے نکلوائی گئی 80 لاکھ روپے نقدی سیاہ رنگ کے شاپر میں رکھ کر اپنی ویگو گاڑی میں لے جا رہا تھا کہ ویٹا چورنگی کے قریب گاڑی جب ٹریفک جام میں پھنسی تو تعاقب میں آنے والے ڈاکوؤں نے اس سے رقم کا شاپر مانگ اور چھین لیکر فرار ہوگئے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس نے واردات میں ملوث ایک ڈکیت کو کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز اور نادرا ریکارڈ کی مدد سے سعید عالم کے نام سے شناخت کر لیا ہے اور پولیس کرائم ریکارڈ کے مطابق لوٹ مار میں ملوث ڈکیت کے خلاف 14 سے زائد مختلف جرائم کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں اور پولیس نے مذکورہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوٹیجز سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ تاجر جب بینک آیا تو اس کے تعاقب میں دونوں ڈاکو آئے تھے، جس میں شناخت ہونے والا ڈکیت سعید عالم بینک کے اندر بھی ٹوکن لیتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔

ایس ایچ او نے کہا کہ جب تاجر رقم نکلوا کر واپس جانے لگا تو ڈاکوؤں نے ان کا دوبارہ تعاقب کیا اور موقع پاتے ہی نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔

ڈکیتی مزاحمت پر دو شہری زخمی

شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 2 شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 36 نزد لیاری آفس کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 25 سالہ طارق نعیم کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

ڈاکو شہری سے لوٹ مار کے بعد موقع سے فرار ہوگئے جبکہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہری کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ماڈل کالونی کے علاقے پرنس بیکری کے قریب بھی موٹر سائیکل سوار ڈاکووں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 25 سالہ طارق زاہد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچا دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں