لنڈی کوتل میں کروڑوں کی آئس پکڑی گئی بین الاقوامی مافیا کے 6 کارندے گرفتار
اسمگلرز نے آئس کو پانی میں حل کرکے بیڈ شیٹس میں جذب کردیا تھا، ڈی پی او
لنڈی کوتل پولیس نے کروڑوں روپے مالیت کی 7 کلو گرام آئس برآمد کرکے بین الاقوامی ڈرگ مافیا کے 6 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
ڈی پی او سلیم عباس کے مطابق میچنی پوسٹ پرکار سے 5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی جبکہ طورخم نادرا پوائنٹ پر مسافرسے دو کلوگرام آئس برآمد ہوئی جسے جدید طریقہ سے بیڈ شیٹس میں چھپایا گیا تھا۔
ڈی پی او سلیم عباس نے بتایا کہ اسمگلرز نے آئس کو پانی میں حل کرکے بیڈ شیٹس میں جذب کردیا تھا، بیڈ شیٹس کو پانی میں بھگو کر اسکے محلول کو 10 گھنٹے مسلسل آگ لگاکر آئس الگ کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان آئس کو افغانستان سے پاکستان منتقل کرکے ایئر پورٹ سے بیرون ملک اسمگل کرنا چاہتے تھے، کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں پکڑی گئی آئس کی قیمت دس کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔