انٹر بورڈ امتحانی پرچے لے جانے والے اساتذہ کی ویجلنس ملازمین کے حوالے

بورڈ کی حالیہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ بورڈ ملازمین کو سی سی اووز کی نگرانی سونپی جا رہی ہے

انٹربورڈ کی حالیہ تاریخ میں پہلی مرتبہ بورڈ ملازمین ویجلنس کے فرائض انجام دیں گے۔ فوٹو: فائل

کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے کالج اساتذہ پر عدم اعتماد کرتے ہوئے امتحانی پرچوں کی نقل و حمل کے امور میں انٹربورڈ کراچی کے ملازمین کو بھی شامل کردیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ سرکلر بھی جاری کردیا گیا۔

پیر 15 جنوری کو کراچی میں شروع ہونے والے انٹر سال دوم کے ضمنی امتحانات میں اب سی سی اووز (سینٹر کنٹرول آفیسر/کالج اساتذہ) کے ساتھ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کا نچلے گریڈز کا عملہ بھی شامل ہوگا، جو تعلیمی بورڈ سے امتحانی مراکز تک امتحانی پرچے پہنچانے اور کاپیاں واپس بورڈ تک لانے تک نگرانی کرے گا، بظاہر یہ اقدام امتحانی پرچوں کی راز داری secrecy کے لیے کیا جا رہا ہے جو اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے قائم مقام سیکریٹری ہارون رشید کی تجویز پر کیا جارہا ہے۔

سیکریٹری بورڈ کی جانب سے یہ تجویز 10 جنوری کو کمشنر کراچی کی زیر صدارت منعقدہ انٹر بورڈ کے افسران کے اجلاس میں دی گئی تھی، اس تجویز کے مطابق اب بورڈ ملازمین نہ صرف سی سی اووز کی جانب سے سینٹر سپریٹنڈنٹ کو امتحانی پرچے حوالے کرتے وقت وہاں موجود رہیں گے بلکہ کمرہ امتحان میں پرچوں کی تقسیم بھی ان کے سامنے ہی ہوگی اور سی سی اووز مکمل طور پر بورڈ ملازمین کی ویجلنس میں کام کریں گے۔


واضح رہے کہ بورڈ کی حالیہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ بورڈ ملازمین کو سی سی اووز کی نگرانی سونپی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت کے ایک نوٹیفیکیشن کے تحت اس وقت انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین کا چارج کمشنر کراچی کے پاس ہے، انٹر بورڈ کراچی کے ذرائع کے مطابق امتحانات میں سی سی اووز کی نگرانی کے لیے ابتدائی طور پر ہر استاد کے ساتھ بورڈ کے دو،دو ملازمین کو ساتھ بھجوانے کی تجویز دی گئی تھی جس کی باقاعدہ منظوری بھی کمشنر کراچی سے لی گئی اور کمشنر کراچی نے اس کی منظوری subject to rules پر دی ہے۔

تاہم ذرائع کے مطابق بورڈ رولز میں اس کی گنجائش نہیں ہے، ادھر بورڈ نے امتحانات کے لیے مجموعی طور پر 47 امتحانی مراکز قائم کر دیے ہیں، جس کے سبب اس فیصلے کے تحت 94 بورڈ ملازمین کو اس عمل میں شامل کرنا تھا، اسی لیے فیصلہ کیا گیا کہ سی سی او کی ہر گاڑی کے ساتھ بورڈ کا ایک ملازم بھجوایا جائے اور 47 امتحانی مراکز پر 47 ملازمین کو بطور ویجلنس بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ امتحانات 6 فروری تک جاری رہیں گے جو دوپہر کے اوقات میں ہوں گے اور ساڑھے 24 ہزار سے زائد طلبہ امتحانات میں شریک ہوں گے، اس کے لیے متعلقہ 47 ملازمین کو خطوط جاری کردیے گئے ہیں، جن میں بورڈ کے مختلف سیشنز کے "اسسٹنٹ، سینیئر کلرک، جونیئر کلرک، اسٹور کیپر بائنڈر اور ڈیٹا انٹری آپریٹر" شامل ہیں۔
Load Next Story