آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے عمران خان کے نام پر ووٹ ملے گا پی ٹی آئی

جن 14 لوگوں نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دیں کسی کا پی ٹی آئی سے تعلق نہیں، فیصلے سے مایویسی ہوئی، پریس کانفرنس


ویب ڈیسک January 14, 2024
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہمارے امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وکلا کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے امیدوار اب آزاد امیدوار کے طور پر لڑیں گے، اس حوالے سے ہم نے پہلے سے حکمتِ عملی تیار کی ہوئی ہے اور کوئی فکر کی بات نہیں ہے۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن زور و شور سے لڑے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی پارٹی رجسٹرڈ ہے اور عدالت نے امیدواروں کو الیکشن لڑنے سے روکا نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے بہت زیادہ مایوسی ہوئی ہے، ہمیں انصاف کی امید تھی اور خواہش تھی کہ انصاف ہوتا ہوا دکھائی دے مگر ایسا نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لے لیا

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دس کروڑ ووٹر ہیں کسی کو بھی انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراض نہیں تھا البتہ اُن لوگوں نے اعتراض کیا جن کا پی ٹی آئی سے تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن چودہ بندوں نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دیں اُن میں سے بھی پی ٹی آئی کا ممبر نہیں رہا، بلا رہے نہ رہے پاکستان کے عوام عمران خان کے نام پر ووٹ دیں گی۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام ارکان آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی تمام مخصوص نشستوں سے محروم ہوجائے گی اور قومی یا صوبائی اسمبلی میں اسے کوئی مخصوص نشست نہیں ملے گی جبکہ امیدوار بھی علیحدہ علیحدہ نشان پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں