فوادآؤٹ آف فارم بیٹرز کی حمایت میں سامنے آگئے

 سعود کی صلاحیتوں پر یقین رکھنا چاہیے، امام اور عبداللہ اچھا کھیل پیش کرچکے


Saleem Khaliq January 14, 2024
فوٹو: فائل

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم آؤٹ آف فارم بیٹرز کی حمایت میں سامنے آگئے۔

ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں مجموعی طور پر ٹیم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا، کبھی کسی پلیئر سے اچھا پرفارم نہیں ہوتا تو تکنیکی خامیوں کی باتیں شروع ہوجاتی ہیں،ہم 3،4اننگز میں ہی کسی کو ہیرو یا زیرو بنادیتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو امریکا سے خصوصی انٹرویو میں فواد عالم نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھا پرفارم کیا۔

دوسرے ٹیسٹ میں جیتنے کے قریب تھے مگر ڈراپ کیچز کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا،سعود شکیل کی کارکردگی کے سوال پر انھوں نے کہا کہ کبھی کسی پلیئر سے اچھا پرفارم نہیں ہوتا تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ تکنیکی خامیاں ہیں،سعود نے بھی ڈومیسٹک اور ٹیسٹ کرکٹ میں کافی رنز کیے،یہ ان کا پہلا دورئہ آسٹریلیا تھا۔

مزید پڑھیں: عماد اور عامر پاکستان کیلئے کھیلنا نہیں چاہتے تھے، ڈائریکٹر قومی کرکٹ ٹیم

انھیں بھی اندازہ ہوگا کہ کس معاملے میں بہتری لانا ہے، وہ پاکستان کرکٹ کیلیے ایک اچھا اثاثہ ہیں،ہمیں سعود کی صلاحیتوں پر یقین رکھنا چاہیے،وہ آگے چل کر ضرور پرفارم کریں گے،انھوں نے کہا کہ اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق بھی اچھا پرفارم کرتے رہے ہیں،اس سیریز میں پرفارمنس اچھی نہیں رہی،البتہ ماضی میں دونوں نے زبردست کھیل پیش کیا ہے،2یا4اننگز سے کسی کے بارے میں رائے قائم نہیں کرلینا چاہیے۔

بابر اعظم جیسی خداد صلاحیتوں کے حامل کرکٹرز کم ہوتے ہیں، دیگر 30یا 35ٹیسٹ کھیلیں تو پرفارمنس نظر آئے گی،ہم 3،4اننگز میں ہی کسی کو ہیرو یا زیرو بنادیتے ہیں،ہمیں دیکھ بھال کر کوئی تبصرہ کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیوں کیا! کرکٹر نے انکشاف کردیا

بابر اعظم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ آسٹریلوی اسٹارز نے بھی گذشتہ برس زیادہ اسکور نہیں کیا،ویسے ہم کرکٹرز کو کیوں کہتے ہیں کہ تکنیک خراب ہوگئی یا کپتانی کا دباؤ ہے،کھلاڑی کے کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، بابر اسی تکنیک سے رنز کریں تو ہم کہیں گے کہ وہ ٹھیک ہیں۔

تھوڑی بہت بہتری لانے کی ضرورت تو ہمیشہ رہتی ہے، انھوں نے کہا کہ عامر جمال نے پرانی گیند کا اچھا استعمال کیا،کنڈیشنز ان کی بولنگ کیلیے سازگار تھیں،انھیں دیکھ بھال کر استعمال کرنا چاہیے،عامر تینوں فارمیٹ میں بولنگ اور آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کیلیے موزوں ہیں۔

امریکا میں کرکٹ کھیل رہا ہوں واپسی پر کیریئر کا فیصلہ کروں گا

فواد عالم نے کہا کہ امریکا میں کرکٹ کھیل رہا ہوں جلد واپسی ہوگی،ابھی تو یہاں کھیل رہا ہوں، واپسی پر کیریئر کے حوالے سے کوئی فیصلہ کروں گا،انھوں نے کہا کہ میری زندگی ایسی ہی گزری ہے،بہت جلد آپ کو تمام سوالات کا جواب دوں گا۔

آسٹریلیا کیخلاف مشکل سیریز میں شان مسعود نے اچھی قیادت کی

فواد عالم نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف مشکل سیریز میں شان مسعود نے اچھی قیادت کی، چند مسائل تھے مگر فائٹ ہوئی،گذشتہ کئی سیریز کے مقابلے میں یہ ٹیم بہتر کھیلی،اسی طرح ٹی ٹوئنٹی قائد شاہین آفریدی لاہور قلندرز کو 2ٹائٹل جتواچکے، دونوں کو وقت ملنا چاہیے۔

نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انھیں مستقبل کیلیے بہتر تیاری کا موقع ملے گا،پاکستان کے کئی پلیئرز نیوزی لینڈ میں کھیل چکے، امید ہے کہ پرفارمنس اچھی رہے گی،کیویز خطرناک حریف ہیں،اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

ورلڈکپ کی تیاری کیلیے اوپننگ جوڑی میں تبدیلی سمیت فیصلوں کو سپورٹ کرنا چاہیے،بابر اعظم اور محمد رضوان کا جتنا تجربہ ہے،اس کو بیٹنگ آرڈر سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں