توشہ خانہ کیس نواز شریف کی نیب انکوائری رپورٹ آج بھی پیش نہ کی گئی
توشہ خانہ کیس میں ن لیگ کے سربراہ نواز شریف کی نیب انکوائری رپورٹ آج بھی پیش نہ کی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں دو سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی اور ایک سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس کی سماعت ہوئی۔
کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ نیب پراسیکیوٹر اور وکلاء صفائی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ نواز شریف کے پلیڈر رانا عرفان احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری لگائی۔
عدالت میں نواز شریف سے متعلق نیب کی انکوائری رپورٹ آج بھی پیش نہ کی جاسکی۔ عدالت نے ایک ہفتے کے اندر نیب کو نواز شریف سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
اسی طرح سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے ان کے وکیل راجہ فیصل یونس عدالت میں پیش ہوئے۔ آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئی۔
احتساب عدالت نے آصف علی زرداری، یوسف رضا گیلانی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔