سابق بھارتی لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کی ڈیپ فیک ویڈیو وائرل

سابق کرکٹر نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لوگوں کو جعلی ویڈیو سے خبردار کیا


ویب ڈیسک January 15, 2024
فوٹو: فائل

سابق بھارتی لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سے تیار کردہ ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ڈیپ فیک ویڈیو میں لیجنڈری کرکٹر کو گیمنگ ایپ کی تشہیر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو مبینہ طور پر لوگوں کی پیسہ کمانے میں مدد کرتی ہے۔

ویڈیو میں سچن ٹنڈولکر کی آواز سن کر کوئی بھی آسانی سے دھوکہ کھا سکتا ہے جس میں وہ یہ بتارہے ہیں کہ انکی بیٹی اس گیمنگ ایپ سے خوب پیسے کمارہی ہے اور آپ بھی اس پر گیمز کھیل کر پیسے کماسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا پاک بھارت دوطرفہ سیریز ہوگی، ذکا اشرف کا بیان سامنے آگیا

 

سچن ٹنڈولکر نے ایکس پر پوسٹ شیئر کرکے لوگوں کو اس جعلی ویڈیو سے خبردار کیا اور درخواست کی کہ وہ اس ویڈیو اور ایپ کو زیادہ سے زیادہ رپورٹ کریں۔

سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ یہ ویڈیوز جعلی ہیں اور ٹیکنالوجی کا بے تحاشہ غلط استعمال پریشان کن ہے۔ سب سے درخواست ہے کہ وہ اس طرح کی ویڈیوز، اشتہارات اور ایپس کو بڑی تعداد میں رپورٹ کریں۔

مزید پڑھیں: کئی سینئر بھارتی کرکٹرز کے شرابی ہونے کا انکشاف

 

 

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو شکایات پر چوکنا اور جوابدہ رہنے کی ضرورت ہے۔ غلط معلومات اور جعلی ویڈیوز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری کارروائی بہت ضروری ہے۔



واضح رہے کہ ڈیپ فیک ویڈیوز کی مدد سے سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی غلط معلومات پوری دنیا میں ایک بڑی تشویش کا باعث بنی ہوئی ہیں اور حال ہی میں بھارت میں بہت سے ایسے واقعات سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ عرصے میں بالی ووڈ اداکاراؤں رشمیکا مندانا، کترینہ کیف، کاجول اور عالیہ بھٹ کی نامناسب ڈیپ فیک ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جبکہ سچن ٹنڈولکر کی بیٹی سارہ ٹنڈولکر اور بھارتی کرکٹر شبمن گِل کی بھی جعلی تصویر منظرِ عام پر آئی تھی۔

رشمیکا مندانا نے اپنی جعلی ویڈیو کو ' انتہائی خوف زدہ ' کرنے والا عمل قرار دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں