عمران خان اور ان کی جماعت سوشل میڈیا کی پیداوار ہے عابد شیر علی

عمران خان اور ان کے حمایتی ریاستی اداروں کو مدمقابل لانا چاہتے ہیں، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی


ویب ڈیسک June 01, 2014
عمران خان اور ان کے حمایتیوں پرآرٹیکل 6 لاگوہونا چاہئے، عابد شیر علی۔ فوٹو: فائل

SHEIKHUPURA: وزیر مملکت برائے بجلی و پانی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ان کی جماعت سوشل میڈیا کی پیداوار ہیں جبکہ وزیر اعظم نواز شریف ملک کے 18 کروڑ عوام کے رہنما ہیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی ہوتے دیکھ کر بہت سے لوگوں کو سیاسی بخارچڑھ گیا ہے انھیں تکلیف ہے کہ پاکستان آگے کیوں بڑھ رہا ہے۔ عمران خان کی جماعت خیبر پختون خوا میں برسراقتدار ہے لیکن وہ وہاں کیا کررہے ہیں، عمران خان ووٹوں کی تصدیق اپنے صوبے سے شروع کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کو جلسوں اور احتجاج پر اکسا رہے ہیں، جلسے کرنا بڑی بات نہیں، ملک کے عوام نے ہمیں اس لئے منتخب نہیں کیا کہ ایک سال بعد اپنے ذاتی مفادات کے لئے لوگوں کو سڑکوں پر لے آئیں۔ عمران خان اور ان کے حمایتی ریاستی اداروں کو مدمقابل لانا چاہتے ہیں، جس پر ان کے خلاف آئین کا آرٹیکل 6 لاگوہونا چاہئے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کینیڈین شہریت کا حامل ایک شخص پاکستانی عوام کے انقلاب کے سبق دیتا ہے، گزشتہ روز طاہر القادری نے لندن میں ایسے لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جو بلدیاتی انتخابات بھی نہیں جیت سکتے، وہ ان چوروں کے ساتھ بیٹھے ہیں جن کے خلاف اربوں روپے کے مالیاتی اسکینڈلز ہیں اور عمران خان بھی ماضی میں انہیں پاکستان کے سب سے بڑے ڈاکو قرار دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انھیں امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ چوہدری پرویز الہی فساد کی جڑ ہیں، انہوں نے اپنے دور حکومت میں ملک کا جنازہ نکالا، ان کی حالت یہ ہے کہ وہ کونسلرکا الیکشن نہیں جیت سکتے۔ شیخ رشید اور چوہدری پرویز الہی کوئی تحریک چلانا چاہتے ہیں تو وہ پہلے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں