شارٹ فال 3ہزارمیگاواٹ تک پہنچ گیاعوام چھٹی کےدن بھی لوڈشیڈنگ کاعذاب سہنے پر مجبور

وسطی پنجاب میں 8سے 10 جبکہ جنوبی پنجاب، بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے پر محیط ہے۔


ویب ڈیسک June 01, 2014
چھٹی کے روز گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے کچھ دیر کے لئے راحت پانے کے لئے عوام کی بڑی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے فوٹو: فائل

ملک میں بجلی کا شارٹ فال 3ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے عوام ہفتہ وار چھٹی کے روز بھی طویل اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہنے پر مجبور ہیں۔

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوار 12 ہزار 500 اور طلب 15ہزار 500 میگاواٹ ہے اس طرح بجلی کی طلب اور پیداوار میں فرق بڑھ کر 3ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے، سسٹم میں شامل بجلی میں سے آئی پی پیز کا حصہ 6ہزار 420 میگا واٹ ہے اس کے علاوہ ہائیڈل ذرائع سے 4ہزار220 میگاواٹ اور ونڈ انرجی سے60میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔ شارٹ فال کے باعث ملک بھر کے عوام چھٹی کے روز بھی بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہہ رہے ہیں، وسطی پنجاب کے شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 جبکہ دیہی علاقوں میں 14 گھنٹے تک محیط ہے، جنوبی پنجاب، بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا دورانیہ 14 سے 18 گھنٹے پر مشتمل ہے۔

چھٹی کے روز گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے کچھ دیر کے لئے راحت پانے کے لئے عوام کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے ان کا کہنا ہے کہ بجلی اورپانی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں معمولات زندگی نبھانے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے اور ان کی چھٹی کا دن بھی لوڈشیڈنگ کی نذر ہوگیا ہے۔ دوسری جانب بچوں کی بھی موسم گرما کی تعطیلات ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا ہے تاکہ تھورے وقت کے لئے ہی وہ گرم سے نجات پاسکیں اور بچوں کو بھی تفریح میسر آسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں