بلیک میلنگ اور رقم وصولی پر یوٹیوب چینل کے مالک اوررپورٹر کو5 سال قید
ملزمان نے میرے کلینک کی ویڈیو بنائی، 3 لاکھ روپے طلب کیے اور دھمکیاں دیں، ڈیرھ لاکھ روپے انہیں دے چکا، مدعی مقدمہ
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے یوٹیوب چینل کے مالک اور رپورٹر کیخلاف کلینک کے مالک کو بلیک میل کرنے اور رقم کی وصولی کیس میں 5،5 سال قید کی سزا سنادی۔
کراچی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے یوٹیوب چینل مالک اور رپورٹر کیخلاف کلینک کے مالک کو بلیک میل کرنے اور رقم کی وصولی کیس کا فیصلہ سنادیا۔ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر یوٹیوب چینل کے مالک مزمل اسلم مونگا اور رپورٹر وسیم عباس ہاشمی کو 5،5 سال قید کی سزا سنادی۔ عدالت نے دونوں ملزمان پر دس، دس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
عدالت نے ضمانت پر رہا دونوں ملزمان کو کسٹڈی میں لے کر جیل بھیج دیا۔ ملزمان کیخلاف کلینک کے مالک عارف سولنگی نے عزیز بھٹی تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق 15 جنوری 2022 کو رپورٹر وسیم عباس ہاشمی اپنے کیمرہ مین کے ساتھ میرے کلینک پر آیا تھا۔ میرے کلینک کی ویڈیو بنائی اور ڈیل کے لیے دھمکیاں دیں۔ ملزمان نے اپنا موبائل نمبر دیا اور 3 لاکھ روپے طلب کیے۔
مدعی کے مطابق ملزمان کے دفتر جاکر ڈیڑھ لاکھ روپے دیے اور ملزمان نے ایزی پیسہ کے ذریعے بھی پیسے وصول کیے۔