کراچی میں ڈاکو راج جاری موبائل فون شاپ پر لوٹ مار کی ویڈیو وائرل
مبینہ مقابلوں کے باوجود اسٹریٹ کرائم کا جن پولیس کے قابو میں نہ آسکا
گلشن معمار میں موبائل فون شاپ میں لوٹ مار کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
مذکورہ واردات رواں ماہ 13 جنوری کی شب پونے نو بجے کے قریب پیش آئی اور اس دوران سڑک پر چہل پہل کے ساتھ ساتھ گاڑیاں بھی گزرتے ہوئے دکھائی دیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 ڈاکو انتہائی اطمینان اور دیدہ دلیری کے ساتھ بھاری مالیت کے موبائل فونز لوٹ کر اپنے ہمراہ لائے گئے بیگ میں بھر کر فرار ہوگئے۔
واردات کے دوران دکان میں موجود عملہ بے بسی کے عالم میں اپنے قیمتی موبائل فونز لٹتے ہوئے دیکھتے رہے، فوٹیج میں دکھائی دینے والے دونوں ڈاکو پینٹ شرٹ اور جیکٹ پہنے ہوئے گئے جبکہ دونوں ڈاکوؤں نے چہرے پر ماسک بھی لگائے ہوئے تھے جس میں ایک ڈاکو اپنی پشت پہر بیگ لٹکائے اور سر پر اونی ٹوپی پہنے ہوئے دکھائی دیا۔
دونوں ڈاکو ابتدائی طور گاہگ بن کر دکان میں داخل ہوئے اور موبائل فون دیکھنے کے دوران اونی ٹوپی پہنے ہوئے ڈاکو نے اسلحہ نکال کر لوڈ کیا تو دکان کا عملہ خوفزدہ ہوگیا۔
اس دوران اس کے دوسرے ساتھی جو کہ سیاہ جیکٹ کے ساتھ خاکی رنگ کی پینٹ پہنے ہوئے تھا اس نے بھی اسلحہ نکال لیا اور دکاندار سے کاؤنٹر پر رکھے ہوئے موبائل فونز شاپنگ بیگ میں رکھنے کو کہا جبکہ اس کا ساتھی دکان سے اپنے من پسند موبائل فون کے ڈبے بیگ میں بھرتا رہا اور چند منٹوں میں دکان سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔
شہر میں روز کی بنیاد پر پولیس مبینہ مقابلوں کے باوجود اسٹریٹ کرائم کا جن کسی بھی صورت پولیس کے قابو میں آنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ شہری نہ تو سڑکوں پر محفوظ ہیں اور نہ ہی گھروں، دکانوں اور ریڈ زون کے تفریحی مقامات پر محفوظ ہیں۔
ڈاکو جب اور جہاں چاہیں لوٹ مار کرتے ہیں اور مزاحمت پر شہریوں کو قتل و زخمی بھی کرتے ہیں، پولیس افسران چین کی بانسری بجا رہے ہیں اور شہری و دکاندار روز کی بنیاد پر ڈاکوؤں کے ہاتھوں اپنے قیمتی مال و اسباب سے محروم ہو رہے ہیں۔