عمرحمید کا استعفیٰ منظور سید آصف حسین سیکریٹری الیکشن کمیشن تعینات

عمر حمید نے صحت کی خرابی کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اورچیف الیکشن کمشنر نے آج (16 جنوری) کو منظور کرلیا


آمنہ علی January 16, 2024
سیکریٹری الیکشن کمیشن کے استعفے کے بارے میں پہلے بھی خبریں آئی تھیں۔فوٹو: فائل

چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکریٹری عمر حمید کا استعفی منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر سید آصف حسین کو ان کی جگہ نیا سیکریٹری تعینات کردیا۔

الیکشن کمیشن نے عمر حمید کے استعفیٰ منظور کیے جانے اور کمیشن کے نئے سیکریٹری کی تعیناتی کا الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن کے سیکریٹری عمر حمیدخان نے صحت کی خرابی کے باعث استعفیٰ دیا تھا، جس سے چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق منظور کرلیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

عمر حمید کو 9 جولائی 2021 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سیکریٹری تعینات کردیا گیا تھا اور وہ 16جنوری 2024 کو استعفے تک عہدے پر براجمان رہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیکریٹری الیکشن کمیشن کے استعفے کی خبر پر ترجمان کی وضاحت

الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری دوسرے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 6(2) کے ساتھ الیکشن کمیشن رولز 1989 کے 8، 9 اور 10 کے تحت ڈاکٹر سید آصف حسین کو نیا سیکریٹری تعینات کردیا ہے، جو 22 گریڈ کے ریٹائرڈ افسر اور اس وقت الیکشن کمیشن اسلام آباد سیکریٹریٹ میں اسپیشل سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ اس تعیناتی کا اطلاق عوامی مفاد میں ایک سال کے معاہدے کی بنیاد پر فوری طور پر ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے استعفے کی خبریں آئی تھیں، جس پر ترجمان الیکشن کمیشن نے وضاحت کی تھی کہ کمیشن کے سیکریٹری عمر حمید کورونا کے باعث رخصت پر ہیں، عمر حمید کی طبیعت کچھ دنوں سے خراب تھی اور اس وقت میڈیکل ریسٹ پر ہیں، جیسے ہی صحت نے اجازت دی تو وہ جلد اپنے فرائض انجام دیں گے۔

ترجمان نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے اور الیکشن کمیشن کے کسی کام میں رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے، تعطیلات کے دنوں میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر کام کر رہے ہیں اور سیکریٹری کی غیرموجودگی میں دونوں اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کام احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں