متحدہ قومی موومنٹ کا آج آئندہ مالی سال کا شیڈو بجٹ پیش کرنے کا اعلان
متحدہ قومی موومنٹ نے آج آئندہ مالی سال کا وفاقی شیڈو بجٹ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ ہر سال کی طرح اس سال بھی شیڈو بجٹ پیش کرے گی جس میں عوامی فلاح کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئی ہیں جبکہ اس حوالے سے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جمعرات کو سندھ کا شیڈو بجٹ پیش کرے گی تاہم وفاق اورصوبائی حکومتیں بجٹ بناتے وقت سندھ کےشہری علاقوں کونظر اندازنہ کریں، وفاقی حکومت کےسامنے اپنےحلقوں کےلوگوں کے مسائل رکھیں گے جبکہ ہمارا وفاقی بجٹ قومی سوچ کا آئینہ دار ہے۔
رابطہ کمیٹی کے رکن نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے لیے 150 ارب روپے کا پیکج دیاجائے اور شہر کے 4 منصوبوں سمیت سندھ کے 11 منصوبوں کو بجٹ میں رکھا جائے اگر سندھ کےبڑےمنصوبوں کی منظوری نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الطا ف حسین کے ویژن کےمطابق عوام کوبااختیار بناناچاہتےہیں،اگرعوام کو بااختیار بنا دیا جائے توپاکستان بھی بااختیارہوجائے گا۔