الیکشن کمیشن نے بلا واپس لیکر دانستہ ایسے نشان دیے جن میں فرق مشکل ہے پشاور ہائیکورٹ

نشانات مختلف ہیں جن میں فرق کیاجاسکتا ہے، وکیل الیکشن کمیشن


ویب ڈیسک January 17, 2024
نشانات مختلف ہیں جن میں فرق کیاجاسکتا ہے، وکیل الیکشن کمیشن

پشاور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے امیدواروں کے بارے میں ریمارکس دیے ہیں کہ ایک تو ان کا انتخابی نشان واپس لے لیا اور ایسے نشانات دیے فرق کرنا مشکل ہے۔

ہائیکورٹ میں پی کے 82 پشاور سے امیدوار پی ٹی آئی رہنما اور سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کے انتخابی نشان کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

وکیل درخواست گزار نے دلائل دیے کہ کامران بنگش کو وائلن کا نشان دیا ہے، ان کے مقابلے میں دوسرے امیدوار کو گٹار کا نشان دیا گیا جو بیلٹ پیپر پر وائلن سے ملتا جلتا نظر آئے گا، دوسرے امیدوار کا نام بھی کامران ہے، ہم نے انتخابی نشان تبدیل کرنے کے لئے ریٹرننگ افسر کو بروقت درخواست دی جو مسترد کردی گئی۔

وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں نشانات مختلف ہیں جن میں فرق کیاجاسکتا ہے۔

جسٹس اعجاز انور نے وکیل الیکشن کمیشن سے کہا کہ کیا آپ لوگوں نے دانستہ طور پر ایسا کام کیا، ایک تو ان سے نشان واپس لیا اور اب جو نشانات الاٹ کئے ہیں وہ ایسے ہیں کہ فرق کرنا مشکل ہے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے استدعا کی کہ اب تو بیلٹ پیپر چھپائی کے لئے بھیج دیا ہے، مزید تاخیر سے مشکل ہوگی۔

عدالت نے ریٹرننگ افسران کو طلب کرکے سماعت میں وقفہ کیا۔

وقفے کے بعد سماعت ہوئی تو ریٹرننگ افسر پی کے 82 عدالت میں پیش ہوئے۔

ججز نے ان سے کہا کہ نشانات الاٹ کرتے وقت آپ نے اپنا دماغ استعمال نہیں کیا تھا کہ ووٹرز اس میں کیسے فرق کریں گے، آپ نے امیدوار کو ایسا نشان دیا ہے جس سے کنفیوژن ہو، مجھے خود ابھی تک وائلن اور گٹار میں فرق سمجھ آئی، ابھی اس کیس کے بعد پتہ چلا کہ دونوں میں فرق ہے، یہاں تو لوگ نشان دیکھ کر ووٹ دیتے ہیں، ایک بزرگ ووٹ ڈالنے جائے گا تو وہ وائلن اور گٹار میں کیسے فرق کرے گا۔

عدالت نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 214 میں لکھا ہے کہ نشان واضح اور اس میں فرق ہونا چاہیے، ایک ناخواندہ ووٹر کس طرح وائلن اور گٹار میں فرق کرے گا۔

عدالت نے کامران بنگش کی درخواست منظور کرکے انہیں مخالف امیدوار سے مختلف نشان الاٹ کرنے کا حکم دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں