کراچی سیسی کے دفتر میں مبینہ چوری لاکھوں روپے کے چیک اور نقدی غائب

چوری کی واردات میں کوئی چیز نہیں لوٹی گئی، شواہد جمع کرلیے ہیں مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش کی جائے گی۔۔ پولیس


Staff Reporter January 17, 2024
(فوٹو: فائل)

سندھ ایمپلائزسوشل سیکیورٹی (سیسی) کے صدر میں قائم دفترمیں چوری کی مبینہ واردات میں لاکھوں روپے مالیت کے چیکس اور دولاکھ روپے سے زائد رقم لے اڑے، بریگیڈ پولیس کا دعویٰ ہے کہ چوری نہیں ہوئی تفتیش کی جارہی ہے۔

ایکسپریس کے مطابق بریگیڈ تھانے کے علاقے صدر پارکنگ پلازا مہاجر ملکی مسجد کے عقب میں سندھ ایمپلائزسوشل سیکیورٹی کے دفتر میں چوری کی مبینہ واردات کے دوران نامعلوم ملزمان لاکھوں روپے مالیت کے چیکس اور دو لاکھ روپے سے زائد کی رقم لے اڑے۔

سرکاری دفتر کے عملے کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب نامعلوم ملزمان دفتر میں داخل ہوئے اور چوکی دار کو یرغمال بنانے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا، ملزمان عمارت کے مختلف کمروں میں گئے اور درازیں توڑکر ان میں موجود لاکھوں روپے کے چیکس اور دو لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس جگہ پر کئی مالیاتی دفاتر ہیں جہاں لوٹ مار ہوئی ہے پولیس کو کئی بار شکایت کی ہے کہ سیکیورٹی فراہم کی جائے پر کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔

انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں سیکیورٹی فراہم کی جائے اور ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ بریگیڈ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ چوری کی واردات میں کوئی چیز نہیں لوٹی گئی، جائے وقوع پر کرائم سین یونٹ پہنچ کر شواہد جمع کرلیے ہیں مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں