آئی پی ایل کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے میدان مارلیا

مسلسل 9 ویں فتح کی بدولت فرنچائز ٹیم دوسری مرتبہ چیمپئن بننے میں کامیاب ہوگئی، کنگز الیون آخری بازی 3 وکٹ سے ہارگئی

بھارتی فلمسٹار شاہ رخ خان کی زیر ملکیت ٹیم نے اس سے قبل 2012 میں بھی چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا. فوٹو؛بی سی سی آئی

لاہور:
آئی پی ایل پر پھرکولکتہ نائٹ رائیڈرزنے میدان مارلیا، ٹیم دوسری مرتبہ ایونٹ کا تاج اپنے سرپر سجانے میں کامیاب ہوئی۔

بھارتی فلمسٹار شاہ رخ خان کی زیر ملکیت ٹیم نے اس سے قبل 2012 میں بھی چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا، کنگز الیون پنجاب آخری بازی 3 وکٹ سے ہار گئے، ساتویں سیزن کے فائنل میں کے کے آر نے 200 کا ہدف دو بالز قبل 7 وکٹوں پر حاصل کیا، ایونٹ میں مسلسل نویں میچ میں فتح کو گلے لگایا، منیش پانڈے نے 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، یوسف پٹھان بھی 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،کرن ویرسنگھ نے 4 اور مچل جونسن نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، اس سے پہلے کنگز الیون پنجاب نے 4 وکٹ پر 199 رنز اسکور کیے۔

وردھیمان ساہا کی ناٹ آئوٹ سنچری کسی کھاتے میں شمار نہیں ہوئی، منان وہرا کے 67 رنز بھی رائیگاں رہے، سریش رائنا نے 2 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے اس بار آئی پی ایل میں سفر کا آغاز قدرے سست رفتاری سے کیا مگر جب پلیئرز سیٹ ہوئے تو پھر کوئی بھی ٹیم ان کو شکست نہیں دے پائی، مسلسل نو میچز میں کامیابی حاصل کرکے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی ٹیم نے ٹائٹل بھی اپنے قبضے میں کرلیا، تین برس میں کے کے آر نے دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس سے قبل 2012 میں بھی اس نے ٹرافی اٹھائی تھی۔


ٹاس جیت کر فیلڈ سنبھالنے والی کولکتہ کی ٹیم کو 200 کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں اوپنر روبن اتھاپا صرف 5 رنز پر ہی میدان بدر ہوگئے، انھیں مچل جونسن کی گیند پر پاٹیل نے کیچ کیا، کپتان گمبھیر پاور پلے ختم ہونے کے بعد پہلی گیند پرکرن ویر سنگھ کی وکٹ بن گئے، کیچ ڈیوڈ ملر نے تھاما انھوں نے 23 رنز بنائے، اس موقع پر منیش پانڈے اور یوسف پٹھان نے ٹیم کا ٹوٹل 130 تک پہنچایا، یوسف نے 4 چھکوں کی مدد سے 22 بالز پر 36 رنز اسکور کیے، انھیں کرن ویر نے میکسویل کی مدد سے قابو کیا، شکیب الحسن 12 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے، ریان ٹین ڈوئچے کرن ویر کی وکٹ بنے، 4 رنز پر ان کا کیچ ڈیوڈ ملر نے تھاما، منیش پانڈے نے سنچری کے قریب پہنچ کر جلد بازی میں خود ہی اپنی وکٹ گنوائی، کرن ویر کی گیند کو ہوا میں اچھالنے کی قیمت بیلی کے ہاتھوں کیچ کی صورت میں چکانا پڑی۔

انھوں نے 50 بالز پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے، امیش یادیو 5 رنز پر جونسن کی گیند پر وہرا کا کیچ بنے، آخری اوور میں فتح کیلیے کے کے آر کو صرف پانچ رنز درکار تھے تیسری گیند پر چاولہ نے اوانا کو چوکا جڑ کر ٹیم کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کردیا۔اس سے قبل کنگز الیون پنجاب کو پہلا صدمہ سہواگ کی صورت میں چوتھے اوور میں برداشت کرنا پڑا جب وہ صرف 7 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، انھیں امیش یادیو کی گیند پر گمبھیر نے کیچ کیا، گذشتہ میچ میں سنچری اسکور کرنے والے اوپنر سے بڑی توقعات وابستہ کی جارہی تھیں۔

مجموعی اسکور جب 30 تک پہنچا تو ون ڈائون پر کھیلنے کیلیے آنے والے کپتان جارج بیلی صرف ایک رن بناکر سریش رائنا کی گیندپر بولڈ ہوگئے، اس موقع پر دوسرے اوپنر منان وہرا اور وردھیمان ساہا نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 129 رنز جوڑ کو مجموعے کو 159 تک پہنچایا، وہرا نے 67 رنز پر پیوش چاولہ کی گیند دوبارہ انہی کے ہاتھوں میں تھمادی، انھوں نے 52 بالز میں سے دو پر چھکے جبکہ 6 پر چوکے لگائے، گلین میکسویل پہلی ہی گیند پر چاولہ کی دوسری وکٹ بن گئے، انھوں نے سوئپ شاٹ کھیلا مگر شارٹ تھرڈ مین پر طویل القامت مورن مورکل نے اچھل کر کیچ تھام لیا اگر وہاں کوئی اور فیلڈر ہوتا تو یہ یقینی چوکا تھا۔ وردھیمان ساہا 115 رنز پر ناقابل شکست رہے، انھوں نے 52 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 8 چھکے اور 10 چوکے جڑے۔ چاولہ نے دو وکٹیں لیں۔
Load Next Story