روہت شرما قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم سے بھی آگے نکل گئے

بھارت نے ٹی20 سیریز کے تیسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغان ٹیم کو شکست دے کر اہم کارنامہ سرانجام دیدیا

افغان ٹیم کو شکست دیکر اہم کارنامہ سرانجام دیدیا (فوٹو: فائل)

افغانستان کے خلاف تیسرا ٹی20 میچ جیتنے کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما نے فتوحات کے حوالے سے بابراعظم کو پیچھے چھوڑ دیا۔

گزشتہ روز بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغان ٹیم کو شکست دی تھی، بھارتی ٹیم نے روہت شرما اور رنکو سنگھ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت افغانستان کے خلاف 4 وکٹوں پر 212 رنز بنائے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 212 رنز بنائے اور میچ ٹائی ہوگیاتاہم میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کے درمیان سپر اوور کھیلا گیا، جس میں افغانستان نے ایک اوور میں 16 رنز بنائےجبکہ جواب میں بھارتی ٹیم نے بھی سپر اوور میں 16 رنز کیے اور سپر اوور بھی برابر ہوگیا۔

مزید پڑھیں: افغانستان کو شکست دیکر بھارت نے پاکستان کو پیچھے کیسے چھوڑا؟

سپر اوور برابر ہونے کے بعد دوبارہ سپر اوور کروایا گیا، جس میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 11 رنز بنائے تھے جبکہ افغان ٹیم صرف ایک ہی رنز بناسکی تھی اور یوں بھارت نے افغانستان کو ڈبل سپر اوور میں شکست دے دی۔


مزید پڑھیں: بھارت نے افغانستان کو سنسنی خیز ''ڈبل سپر اوور'' مقابلے میں شکست دیدی

ٹیم کی اس جیت کے ساتھ روہت شرما بطور کپتان ٹی20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والے کپتانوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ؛ پاک بھارت میچ 'ڈراپ ان' پچ پر ہوگا

مختصر ترین فارمیٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والوں کی فہرست میں 4 کپتان نمایاں ہیں جن میں افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان 52 میچز میں 42 فتوحات کے ساتھ پہلے، روہت شرما 54 میچز میں 42 کامیابیوں کے ہمراہ دوسرے اور قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم 71 میچوں میں 42 فتوحات کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

فہرست میں چوتھے نمبر پر انگلش ٹیم کے سابق کپتان آئن مورگن ہیں جن کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم نے 72 میچوں میں 42 فتوحات اپنے نام کیں۔
Load Next Story