ایران میں فوجی آپریشن سے ماہ رنگ بلوچ بےنقاب ہوگئی جان اچکزئی
مسنگ پرسنز کا مسئلہ حل ہورہا ہے، ایران میں مرنے والے دہشت گردوں کے لواحقین اسلام آباد کے کیمپ میں موجود ہیں،جان اچکزئی
نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ایران میں فوجی آپریشن میں پاکستانی شہریوں کے مرنے سے مسنگ پرسن کا شور مچانے والی ماہ رنگ بلوچ بے نقاب ہوگئی۔
نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کو چیلنج کرنے والے عناصر کو بھرپور جواب دیا ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے پوری قوم اور خاص کر اہل بلوچستان پاک فوج کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کے ایران میں اس آپریشن سے بھارت کی دہشت گردی کا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، اسلام آباد میں گمشدہ بلوچوں کی نوٹنکی لگانے والے میر جعفر بری طرح بے نقاب ہوگئے ہیں، اسلام آباد میں بلوچ خواتین کا بھارت میں تیار ہونے والا ڈرامہ بری طرح فلاپ ہوگیا۔
جان اچکزئی نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے تھے کہ مسنگ پرسنز کا مسلہ حل ہورہا ہے، ماہ رنگ بلوچ پاکستانی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں خودبے نقاب ہوگئی، ایران میں مرنے والے دہشت گردوں کے لواحقین اسلام آباد کے کیمپ میں موجود ہیں۔
جان اچکزئی نے کہا کہ ماہ رنگ بلوچ اور اس کے سہولت کار بھی اپنے قومی اداروں اور فورسز کو بدنام کرنے پر پیش پیش تھے۔