پاک فوج کی ایران میں کارروائی سے لاپتا افراد کا وہاں روپوش ہونا ثابت ہوگیا

بلوچ یکجتہی کمیٹی نے تسلیم کرلیا کہ ایران میں مارے گئے لوگ بلوچ لاپتا افراد تھے جن کے اہل خانہ یہاں دھرنے پر ہیں

(فوٹو : فائل)

پاک فوج کی ایران میں کارروائی سے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ماہ رنگ بلوچ کا ریاست مخالف پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا، ماہ رنگ نے تسلیم کرلیا کہ ایران میں مارے گئے لوگ بلوچ لاپتا افراد تھے جن کے اہل خانہ انکی بازیابی کے لیے دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امن دشمن بھارت طویل عرصے سے پاکستان بالخصوص بلوچستان کے نوجوانوں کو گمراہ کر کے اپنے مذموم عزائم کے حصول کے لیے استعمال کر رہا ہے، اسی تناظر میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خاتون ماہ رنگ بلوچ ہے جو کہ بلوچوں کے حقوق اور مظلومیت کا لبادہ اوڑھ کر مخالف دھرنے میں شریک ہے۔

تازہ ترین ویڈیو میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ ماہ رنگ بلوچ ایران میں کی گئی اسٹرائیک میں ہلاک بلوچ دہشت گردوں کے حوالے سے دھرنے سے خطاب میں اقرار کر رہی ہے کہ ایران میں جولوگ مارے گئے ان کے لواحقین اس دھرنے میں موجود ہیں۔

ماہ رنگ بلوچ کا یہ بیان اس بات کی واضح عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشت گرد ایران میں روپوش ہیں جہاں سے پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے ہیں،کچھ عرصے قبل ہلاک کیے جانے والے دہشت گرد بالاچ اور اس جیسے بہت سے دہشت گردوں کی نمائندگی کرنے والی ماہ رنگ بلوچ بالاخر سچ زبان پر لے ہی آئیں۔

Load Next Story