عام انتخابات الیکشن کمیشن کا سکیورٹی اہلکاروں کیلیے ضابطہ اخلاق جاری

سکیورٹی اہل کار پریزائیڈنگ افسران کی اجازت کے بغیر کسی قسم کی کارروائی بھی نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن

سکیورٹی اہل کار کسی ووٹر کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکیں گے، الیکشن کمیشن (فوٹو: فائل)

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024ء کے لیے سیکورٹی اہل کاروں سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق سکیورٹی اہل کار پولنگ اسٹیشنز کے باہر ڈیوٹی انجام دیں گے اور کسی ووٹر کی اہلیت کا سوال نہیں پوچھیں گے۔ اہل کار کسی ووٹر کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکیں گے۔ سکیورٹی اہل کار کسی صورت پولنگ افسران کی ڈیوٹی نہیں کریں گے، تاہم ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پریزائیڈنگ آفیسر سکیورٹی اہلکاروں کو اندر بلانے کا مجاز ہوگا۔


الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسران، پریزائیڈنگ افسران اور انتخابی سامان کی ترسیل کی ذمے داری ڈیوٹی پر مامور سکیورٹی اہل کاروں کی ہوگی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے بشمول پولیس انتخابات 2024 کی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ پریزائیڈنگ آفیسر کے احکامات کے بغیر سکیورٹی ادارے کسی کو گرفتار نہیں کر سکیں گے جب کہ کسی بھی قسم کا انتخابی سامان اپنی تحو یل میں بھی نہیں لے سکیں گے۔

ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی اہل کار مکمل طور پر غیر جانبدار رہیں گے اور کسی جماعت کی حمایت نہیں کریں گے۔ پولنگ اسٹیشنز میں داخل ہونے والے تمام لوگوں کی تلاشی سکیورٹی اہل کار کریں گے۔ تمام امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 اور 46 کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ پولنگ اسٹیشنز کا ماحول پرامن رکھنے کی ذمے داری سکیورٹی اہلکاروں کی ہوگی۔

سیکورٹی اہل کار ایکریڈیٹیشن کے حامل میڈیا پرسنز کو نہیں روکیں گے۔سکیورٹی اہل کار انتخابی مواد کو اپنےقبضے میں نہیں لیں گے اور امیدوار یا کسی اور شخص سے سیاسی بحث نہیں کریں گے۔ سکیورٹی اہل کار پریزائیڈنگ افسران کی اجازت کے بغیر کسی قسم کی کارروائی بھی نہیں کریں گے اور نہ ہی گنتی کے عمل میں کوئی مداخلت کریں گے۔ سکیورٹی اہل کار امیدوار،الیکشن یا پولنگ ایجنٹس کی انتخابی و گنتی کے عمل میں موجودگی پر اعتراض نہیں کریں گے۔
Load Next Story