شمالی وزیرستان فائرنگ سے قتل کیے گئے 5افراد کی لاشیں کھیت سے برآمد
لاشیں کھیت سے مقامی افراد کو ملیں، پانچوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، ایک کے سوا دیگر لاشوں کی شناخت نہیں کی جا سکی
شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے قتل کیے گئے 5افراد کی لاشیں ایک کھیت سے برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ میر علی کے گاؤں ہرمز کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کھیت سے مقامی لوگوں کو 5افراد کی لاشیں ملیں۔ تمام کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ تمام لاشوں کی شناخت نہیں کی جا سکی، تاہم ایک شخص کی شناخت کرک کے رہائشی عارف کے نام سے ہوئی ہے۔
لاشیں ملنے کی جگہ کے ساتھ سبزی لے جانے والی پک اپ گاڑی اور ایک مزدا گاڑی کھڑی ہے ، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ قتل کیے گئے افراد الگ الگ گاڑیوں میں سوار تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق قتل کیے گئے پانچوں افراد مقامی نہیں ہیں۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے مختلف پہلوؤں کے پیش نظر قتل کی تفتیش شروع کردی ہے۔