فہد مصطفیٰ نے شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی کروائی

ثنا جاوید اور شعیب ملک نے 20 جنوری کی صبح اپنی شادی کی تصدیق کی

ثنا جاوید نے شعیب ملک سے دوسری شادی کرلی : فوٹو : ویب ڈیسک

فلم و ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے شعیب ملک اور ثنا جاوید کو دوسری شادی پر مبارکباد دی ہے۔

ثنا جاوید اور شعیب ملک نے 20 جنوری کی صبح اپنی شادی کی تصدیق کی، اس جوڑی نے اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر پوسٹ کیں، ساتھ ہی کیپشن میں 'الحمدللہ' اور قرآن پاک کی آیت بھی لکھی۔

اس جوڑی کی شادی پر جہاں سوشل میڈیا صارفین تنقید کرتے نظر آرہے ہیں تو وہیں معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے شعیب ملک اور ثنا جاوید کو مبارکباد دے دی۔

فہد مصطفیٰ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ "خوشی سب سے اہم ہے"۔



اداکار کی یہ مبارکباد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جہاں صارفین کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ فہد مصطفیٰ نے ہی اس جوڑی کی شادی کروائی ہے کیونکہ شعیب ملک اور ثنا جاوید گیم شو 'جیتو پاکستان' کا حصہ تھے۔


اسی شو کے دوران، شعیب ملک اور ثنا جاوید کے درمیان دوستی ہوئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔



واضح رہے کہ شعیب ملک نے سال 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے پہلی شادی کی تھی، دونوں کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔

دسمبر 2022 سے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تھیں لیکن دونوں اسٹارز کی جانب سے طلاق کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: ثنا جاوید نے شعیب ملک سے شادی کے بعد نام بدل لیا

دوسری جانب اداکارہ ثنا جاوید نے سال 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے پہلی شادی کی تھی، اس جوڑی نے اپنے نکاح کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھیں جبکہ سال 2023 میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبر سامنے آئی تھی۔
Load Next Story