پشاور کالعدم داعش کے گرفتار دہشت گردوں کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

گرفتار دہشت گردوں کے موبائل سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکز کی ویڈیوز اور نقشے ملے ہیں، تفتیشی افسر


ویب ڈیسک January 20, 2024
انسداددہشت گردی عدالت نےجسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی—فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے کالعدم داعش کے گرفتار خودکش بمبار سمیت دو دہشت گردوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

پولیس نے داعش کے دونوں دہشت گردوں کو اے ٹی سی میں پیش کیا اور تفتیشی افسر نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی لیکن عدالت نے درخواست مسترد کردی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں عادل عرف امین اور طاہر خان عرف عباس کا تعلق بالترتیب متنی اور سربند سے ہے اور ان میں ایک خودکش بمبار اور دوسرا اس کا سہولت کار ہے۔

عدالت کو انہوں نے آگاہ کیا کہ دہشت گردوں سے دو خودکش جیکٹس، تین دستی بم، پستول اور موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں اور دونوں دہشت گرد پشاور میں ہدف کے لیے موجود تھے۔

تفتیشی افسر کے مطابق محکمہ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر متنی میرہ کے علاقے میں کاروائی کی اور ان دہشت گردوں کو گرفتار کیا جبکہ گرفتار دہشت گردوں نے افغانستان کے صوبے پکتیا کے مرکز سے فدائی تربیت حاصل کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں دہشت گرد کالعدم تنظیم داعش خیبر پختونخوا سے ہدف کے ہدایات لینے کے بعد موقع کی تلاش میں تھے اور ان کے قبضے سے برآمد موبائلز سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکز کی ویڈیوز اور نقشے بھی ملے ہیں۔

عدالت سے استدعا کرتے ہوئے تفتیشی افسر نے کہا کہ دونوں دہشت گردوں سے مزید تفتیش کی ضرورت ہے لہٰذا مزید جسمانی ریمانڈ پر ان کے حوالہ کیا جائے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے کی گئی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور دونوں ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں