پاکستان کی خودمختاری علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھیں گے چینی نائب وزیرخارجہ

سیکریٹری خارجہ اور چینی نائب وزیرخارجہ نے وزارت خارجہ کی لائبریری میں سی پیک کارنر کا افتتاح کیا


ویب ڈیسک January 20, 2024
چینی وفد دوطرفہ دفاعی امور پر تبادلہ خیال کرےگا— فوٹو: فائل

چین کے نائب وزیرخارجہ سن ویڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔

دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق چین کا اعلیٰ سطح کا وفد نائب وزیرخارجہ سن ویڈونگ کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا جہاں پاکستانی حکام ان کا خیرمقدم کیا۔

چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا اور سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی کے ہمراہ وزارت خارجہ کی لائبریری میں سی پیک کارنر کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر چینی نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ بھائی اور قابل اعتماد دوست کی حیثیت سے چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

سن ویڈونگ نے چین کے بنیادی مسائل پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اس کے عوام کی خوشحالی کی حمایت کے لیے تعاون مزید بڑھائے گا۔

سیکریٹری خارجہ سائرس قاضی نے کہا کہ پاک-چین دوستی کو پاکستان میں مکمل سیاسی، ادارہ جاتی اور عوامی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے دوطرفہ دوستی کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مضبوط کرنے کے لیے پاکستان کی تیاری کے حولے سے آگاہ کیا۔

قبل ازیں چین کا اعلیٰ سطح کا وفد نائب وزیرخارجہ کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ چین کے نائب وزیرخارجہ سن وی ڈانگ وفد کی قیادت کر رہے ہیں اور دورے کے موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان سلامتی اور دفاعی امور پر مشاورت ہو گی۔

ترجمان نے بتایا تھا کہ وفود کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران ہونے والی پاک-ایران کشیدگی کے موقع پر چین نے دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں