ملک بھر میں سوشل میڈیا عارضی تعطل کے بعد بحال
صارفین کو یوٹیوب، ایکس، فیس بُک اور انسٹاگرام تک رسائی میں مشکلات کا سامنا تھا
پاکستان تحریک انصاف کے ورچوئل جلسے کے موقع پر ملک بھر میں سوشل میڈیا سروسز ڈاؤن ہوگئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں 7 بجے سے پہلے ہی انٹرنیٹ صارفین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ انٹرنیٹ بھی سست روی کا شکار رہی جو چند گھنٹوں بعد بحال ہوگئی۔
انٹرنیٹ ٹریکنگ ایجنسی نیٹ بلاکس نے پاکستان میں فیس بک، ایکس، انسٹاگرام، یوٹیوب سمیت مقبول پلیٹ فارمز کی بندش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پی ٹی آئی نے اپنا دوسرا ورچوئل جلسہ شروع کیا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا کہ "ان نگرانوں کو شرم آنی چاہیے جو صرف پاکستانیوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔"
پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پابندی کے باوجود انکا ورچوئل جلسہ شیڈول کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا جو پارٹی کے تمام سوشل میڈیا چینلز پر لائیو نشر ہوگا۔
دریں اثنا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر فعال ہے اور کہیں بھی کوئی کیبل متاثر نہیں ہوئی۔